یومِ یکجہتیِ کشمیر پر وزارتِ اطلاعات پنجاب کی سرگرمیاں

یوم یک جہتی کشمیر کے موقع پاکستان سمیت دنیا بھر میں بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں وکشمیر کے نہتے مسلمانوں پر بھارتی قابض افواج کے ظلم و ستم کی جانب اقوام عالم اور انسانی حقوق کے اداروں کی توجہ مبذول کرانے کیلئے مختلف انداز میں اظہار یک جہتی کیا گیا۔ ریلیاں نکالی گئیں، جلسے و اجتماعات منعقد ہوئے سائرن بجائے گئے۔ آزاد جموں وکشمیر کو پاکستان سے ملانے والے سات پلوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی، کشمیر کے پرچم لہرائے گئے ان تمام ایکٹیویٹیز کا مقصد مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنا تھا۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی بہت سی ریلیاں نکالی گئیں، جلسے ہوئے جبکہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ لاہور لبرٹی چوک میں محکمہ اطلاعات وثقافت کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب منعقد ہوئی- وزیراعلی مریم نواز شریف نے لبرٹی چوک میں شمع آزادی روشن کی-وزیراعلی مریم نواز شریف نے شہدائے کشمیر کی علامتی یادگار پر پھول رکھ کر نذرانہ عقیدت پیش کیا -یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب میں علامتی خاموشی اختیار کی گئی-وزیراعلی مریم نواز شریف نے شہدائے کشمیر کے لئے دعائے مغفرت کی-وزیراعلی مریم نواز شریف اور دیگر شرکا نے مظلوم کشمیریوں کے لئے دعا بھی کی-لبرٹی چوک کی تقریب میں کشمیر کی مناسبت سے پکچر وال کی نما ئش کی گئی-لبرٹی چوک راؤنڈ اباؤٹ پر شہدائے حریت کشمیر کے دیوار گیر بل بورڈ بھی نصب کئے گئے -کشمیری رہنماؤں اور شہداء کی تصاویر کو سلا خیں لگا کر علامتی جیل بنائی گئی -لبرٹی چوک کے اطراف میں بھارتی مظالم اور بربریت کے مناظر پر مبنی پینا فلیکس آویزاں کی گئیں -یوم یکجہتی کشمیر پر آئی ایس پی آر کا تیار نغمہ بھی پیش کیا گیا-یہ تقریب اس حوالے سے انتہائی اہمیت کی حامل رہی کیونکہ اس میں بھرپور طریقے سے کشمیریوں کیساتھ اظہار یک جہتی کے ساتھ بھارتی ظلم و بربریت کو بھرپور اور نمایاں طور پر اجاگر کیا گیا جبکہ اس تقریب کی ایک اور انفرادیت یہ بھی تھی کہ پاکستان بھر میں کسی وزیر اعلی کی جانب سے ایسا اقدام سیاسی و حکومتی سطح پر نہیں کیا گیا۔ اس حوالے سے محکمہ اطلاعات پنجاب اور صو بائی وزیر عظمی زاہد بخاری کا یہ اعزاز ہے کہ انہوں نے اپنی ذمہ داری کو احسن انداز میں نبھایا اور ایک ایسی تقریب کا انعقاد کیا جس کی وجہ سے دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر اور خاص طور پر مظلوم ونہتے کشمیریوں پر قابض بھارتی افواج کی جانب سے 78 سال سے اٹھائے جانے والے مظالم کی صحیح اور موثر و نمایاں انداز میں عکاسی ممکن ہوئی۔ اس تقریب کے حوالے سے عظمی زاہد بخاری کی محنت واضح طور پر رنگ لائی ہے کیونکہ تقریب کے شرکاء کی جانب سے بھی مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے احسن اقدام کو سراہا گیا جبکہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے بھی عظمی زاہد بخاری کے اقدام پر ستائش و پسندیدگی کا اظہار کیا پاکستان میں یوم یک جہتی کشمیر کو منانے کا سہرا بھی مسلم لیگ ن کے سر ہے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے 1990ء  میں پانچ فروری کو بطور یوم یک جہتی کشمیر منانے کی روایت کا آغاز کیا تھا اور آج انہی کی جماعت کو یہ اعزاز بھی جاتا ہے کہ عظمی زاہد بخاری کی قیادت میں یوم یک جہتی کشمیر کے موقع پر موثر انداز میں بھارتی جبر و بربریت کو اجاگر کرنے کا آغاز ہوا ہے دریں اثنا وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ ہر پاکستانی کے دل میں کشمیر کی محبت لہو بن کر دوڑتی ہے۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ جان کا نذرانہ دے کر حقِ خودارادیت کی شمع روشن رکھنے والے کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں -سلام ان کشمیری بہن بھائیوں کو جو سات دہائیوں سے بھارتی سفاکیت کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں - بھارتی بربریت نے جنت نظیر وادی کو جیل بنا دیا ہے- وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی ادارے کشمیر میں جاری خونریزی اور انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف اپنا کردار ادا کریں - جب تک مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں ہوتا، پائیدار امن ایک خواب ہی رہے گا۔ تاریخ گواہ ہے کہ ظلم کبھی زیادہ دیر نہیں ٹھہرتا،کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ پاکستان کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت ہر محاذ پرجاری رکھے گا۔ ہر عالمی فورم پر کشمیری عوام کے حق میں آواز بلند کرتے رہیں گے۔ کشمیری عوام آزادی کا سورج جلد دیکھیں گے۔

ای پیپر دی نیشن