لاہور (کامرس رپورٹر) پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 2024-25 کے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے 79 ویں اجلاس میں ہیلتھ اینڈ پاپولیشن اور فشریز سیکٹرز کی 3ترقیاتی سکیموں کے لیے مجموعی طور پر 16 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دی گئی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ بیرسٹر نبیل احمد اعوان نے کی۔ صوبائی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ترقیاتی بورڈ کی جانب سے جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں مریم نواز ہیلتھ کلینک کے ذریعے کمیونٹی کو بااختیار بنانے اور صحت کی دیکھ بھال تک رسائی میں توسیع (ترمیمی) کیلئے 9 ارب روپے، پنجاب کے 11 جنوبی اضلاع میں چیف منسٹر سٹنٹنگ ریڈکشن پروگرام کیلئے 2ارب 50کروڑ روپے اور پنجاب میں جھینگا کی فارمنگ (ترمیمی) کیلئے 4 ارب 50 کروڑ روپے شامل ہیں۔ اجلاس میں صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر آصف طفیل سمیت چیف اکانومسٹ محمد مسعود انور، متعلقہ سیکرٹریز، محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔