لاہور(سپورٹس رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے 35 ویں نیشنل گیمز 6 سے 13 دسمبر 2025 تک کراچی میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی سربراہی پی او اے کے صدر عارف سعید نے کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں نیشنل گیمز کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے وفد کو گیمز کی کامیابی کیلئے اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔وزیراعلیٰ سندھ کی موجودگی میں 35 ویں نیشنل گیمز کی ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ نوجوان کھلاڑیوں کو تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے نئے سوئمنگ پول کی تعمیر اور جدید الیکٹرانک ٹائمنگ و سکورنگ سسٹمز کی خریداری کا بھی اعلان کیا۔