لاہور (نوائے وقت رپورٹ) واپڈا کی جانب سے" تربیلا ڈیم کی تعمیر کے تجربہ، تنازعات سے بچاؤ اور اور ان کے حل" کے عنوان سے ایک لیکچر کا انعقاد کیا گیا۔ لیکچر واپڈا ہاؤس لاہور کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوا، جہاں پر اٹلی کے معروف انجینئر ایلیون رومانو (Allione Romano) نے تربیلا ڈیم کی تعمیر کے دوران اپنے تجربات پر روشنی ڈالی۔ ایلیون رومانو تربیلا ڈیم کی تعمیر کے دوران پراجیکٹ منیجر رہ چکے ہیں۔ علاوہ ازیں میگا منصوبوں میں تنازعات کے حل کیلئے قائم عالمی اداروں ڈی آر بی ایف اور ایف آئی ڈی آئی سی کے چارٹرڈ ممبر بھی ہیں۔ لیکچر میں واپڈا کے ریٹائرڈ اور موجودہ جنرل منیجرزکے علاوہ دیگر سینئر واپڈا آفیسرز، کنسلٹنٹس بشمول نیسپاک، این ڈی سی، پی ای ایس، اے سی ای، برقاب سمیت یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور، سنٹر آف ایکسی لینس ان واٹر ریسورسز، فاسٹ اور لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کے طلبہ اور محققین نے شرکت کی۔ لیکچر کا انعقاد چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) کے تعلیمی اداروں اور صنعتوں کے درمیان اشتراک قائم کرنے کے وژن کے تحت دفتر جنرل منیجر (کوآر ڈی نیشن اینڈ مانیٹرنگ) کی جانب سے کیا گیا۔ لیکچر کے انعقاد کا مقصد واپڈا انجینئرز، محققین اور طلباء کی پیشہ ورانہ مہارت میں اضافہ اور ان کی صلاحیتوں میں نکھار لانا تھا۔ انجینئر رومانو نے لیکچر میں تربیلا ڈیم پراجیکٹ میں پیش آنے والی رکاوٹوں کو اجاگر کرتے ہوئے پراجیکٹ کی منصوبہ بندی، ڈیزائن اور کنٹریکٹ ورک کی پیچیدگیوں پر مفصل بات کی۔ انہوں نے مؤثر پراجیکٹ مینجمنٹ کی اہمیت بیان کرتے ہوئے تربیلا ڈیم کی تعمیر کی مقررہ مدت اور وسائل کی فراہمی پر بھی شرکاء کو روشناس کیا۔ علاوہ ازیں، انہوں نے تنازعات سے بچنے کیلئے مؤثر رسک، مینجمنٹ تکنیک اور تنازعات سے متعلق قوانین کی مختلف شقوں پر بھی گفتگو کی۔ لیکچر کے دوران انہوں نے تربیلا کی سرنگ نمبر دو کے گرنے کے واقعہ اور اس کی بحالی کے کاموں میں حکومت، واپڈا، کنسلٹنٹ اور کنٹریکٹر کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔