کلرسیداں(نامہ نگار)کلر سیداں دہانگلی روڈ پر واقع شاہ خاکی پنجاب ہائی ویز پٹرولنگ پوسٹ کے بااکل قریب ڈکیتی کی واردات میں نامعلوم ملزمان نے روڈ پر بھاری پتھر رکھ کر مسافروں کو لوٹ لیا ایک گاڑی نہ رکنے پر ڈرائیور کو گولی مار کر زخمی کرنے کی کوشش کی تا ہم وہ معجزانہ طور پر محفوظ رہا، محمود حسین نے مقدمہ درج کروایا کہ میں اپنی ہمشیرہ کو لینے ائیر پورٹ جا رہا تھا مگر فلائٹ منسوخ ہونے کی وجہ سے اپنے بیٹے عبید الرحمان اور بھائی محمد آصف کے ہمراہ واپس گھر آ رہا تھا تو اچانک تین نامعلوم افراد نے گاڑی روکنے کا اشارہ کیا بیٹے عبیدالرحمان نے گاڑی سے اتر کر وجہ دریافت کی تو ان میں سے ایک نے عبد الرحمان پر فائر کیا جو اس کی ٹانگ کو چھوکر گزر گیا۔ملزم نے دوبارہ فائر کیا جو خوش قسمتی سے کسی کو نہ لگا۔تین نامعلوم ملزمان مسلح تھے جو فوری وہاں سے فرار ہو گئے۔