بھارت کیخلاف کارروائی یقینی، فوجی تنصیبات کو نشانہ بنائیں گے: خواجہ آصف

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان میں ڈرون حملوں کے بعد جوابی کارروائی یقینی ہوگئی ہے۔ پاکستان جواب میں بھارت کی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنائے گا۔ رپورٹ کے مطابق برطانوی خبررساں ادارے سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ کشیدگی میں کمی کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہی اور پاکستان بھارت تنازعہ بند گلی میں داخل ہورہا ہے۔ بھارتی ڈرونز سے پاکستانی فوجی تنصیبات کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ نہ لاہور کے دفاعی نظام کو کوئی نقصان نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ  امریکا پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں کمی کے لیے بین الاقوامی کوششوں کی قیادت کر رہا ہے۔ خلیجی ممالک بھی کشیدگی میں کمی کیلئے کام کر رہے ہیں۔ سی این این کو دیئے گئے انٹرویو میں خواجہ آصف نے دوٹوک پیغام دیا کہ پاکستان کشیدگی بڑھانا نہیں چاہتا، لیکن بھارت صورتحال مزید سنگین بنائے جارہا ہے، اور دہلی سرکار مسلسل کشیدگی بڑھا رہی ہے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بی ایل اے اور ٹی ٹی پی بھارت کی پراکسیز ہیں۔ بھارت اپنے سیاسی فائدے کیلئے جھوٹ پر جھوٹ بول رہا ہے۔ بھارت ہم پر حملہ کرنے کیلئے محض ایک بیانیہ بنا رہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن