لاہور (خبرنگار) پولیس نے 9مئی مقدمات کے کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کا پولی گرافک اور فوٹو گرافک ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انسداد دہشتگردی عدالت نے بیرسٹر سلمان صفدر کو بانی پی ٹی سے ہدایات لیکر پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔ پراسیکیوشن نے انسداد دہشتگردی عدالت میں درخواست دائر کی۔ بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے ابتدائی دلائل میں درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ دو سال بعد ایسی درخواست دائر کرنا بدنیتی پر مبنی ہے۔ عدالت نے کارروائی 14مئی تک ملتوی کر دی۔ ہائیکورٹ میں سانحہ 9 مئی کے تمام مقدمات یکجا، جوڈیشل کمشن بنانے سے متعلق درخواست پر سماعت نہ ہوسکی۔ کیس بغیر کارروائی غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیاگیا۔ جسٹس سید شہباز علی رضوی اور جسٹس طارق محمود باجوہ پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے شہری محمد بلال چودھری کی درخواست پر سماعت کرنا تھی۔ لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی 9مئی کے 8مقدمات میں درخواست ضمانتوں پر سماعت 15مئی تک ملتوی کرتے ہوئے وکلا کو دلائل دینے کی ہدایت کردی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید شہباز علی رضوی اور جسٹس طارق محمود باجوہ پر مشتمل بنچ نے بانی پی ٹی آئی کی 9مئی کے 8مقدمات میں درخواست ضمانتوں پر سماعت کی۔