کراچی (سٹاف رپورٹر) کراچی میں خواجہ سراؤں نے بھی بھارتی جارحیت و جنگی جنون کے خلاف کراچی پریس کلب پر مظاہرہ اور مودی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ خواجہ سراء کمیونٹی نے بندیا رانا کی قیادت میں مسلح افواج کی مکمل حمایت اور اظہار یکجہتی کیا۔ بندیا رانا نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو منہ توڑ جواب پر پاکستانی افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، بھارت کا مودی صرف ڈرون حملوں پر اتر آیا ہے، بھارتی فوج سرحد پار کرنے کی ہمت تو دکھائے، پاکستانی قوم بھارت کی جنگی گیڈر بھپکیوں کو انجوائے کررہی ہے، ہم ڈرون حملوں سے خوفزدہ ہونے والی قوم نہیں ہیں جہاں پاکستان کے مرد وجوان کھڑے وہیں خواجہ سراء ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ بھارت نے ہمارا پانی بند کیا تو ہم اس کی سانسیں بند کردیں گے۔