کوئٹہ (آئی این پی) بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 45 کوئٹہ کے ضمنی الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف جے یوآئی (ف) کے کارکنوں نے دھرنا دے کر ہائی ویز بند کردیں۔ بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 45 کوئٹہ 8 کے 15 پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ ہونے والے ضمنی الیکشن میں نتائج کی تبدیلی کے خلاف جمعیت علماء اسلام (ف) کی جانب سے گزشتہ روز بلوچستان کے مختلف شہروں میں احتجاج کیا گیا۔ حکام کے مطابق جے یو آئی کارکنان نے مسلم باغ میں این 50 ہائی وے پر دھرنا دیا جس سے ہائی وے بند ہوگئی اور بلوچستان کی خیبرپی کے، پنجاب کے ساتھ آمدورفت معطل ہوگئی۔ کوژک ٹاپ پر بھی جے یو آئی کارکنوں کے احتجاجی دھرنے کے باعث کوئٹہ چمن شاہراہ بند ہے۔ قلعہ عبداللہ میں سید حمید کراس، پشین میں یارو پل پر جے یو آئی کا دھرنا جاری ہے جبکہ لورالائی میں دھرنے سے ڈی جی خان این 70 شاہراہ بند ہوگئی۔ اس کے علاوہ بولان میں دھرنے سے این 65 سبی سکھر شاہراہ بند ہے۔ بھوانی کے مقام پر جے یو آئی کے احتجاج کے باعث ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوگئی جبکہ کوشک کے مقام پر دھرنے سے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ ٹریفک کیلئے بند ہے۔