لاہور(نیوز رپورٹر)وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے رات کے اندھیرے میں بھارت کی عسکری جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا بھارت نے اپنی نام نہاد چودھراہٹ بچانے کیلئے نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا لیکن بھارتی فوج کی بزدلانہ کارروائیوں سے پاکستانی عوام کے حوصلے پست نہیں ہونگے۔ بھارتی وزیراعظم نے اپنی سیاسی ساکھ بچانے کیلئے فوجی کارروائی کی تاہم نریندر مودی کی اس حرکت سے بھارت کی عسکری ساکھ بھی چلی گئی۔ پاک فوج کی عسکری تیاریوں پر ہمیں پورا اعتماد ہے۔ جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام پر تیزی سے پیشرفت جاری ہے۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق مسلسل دورے کر کے سکیموں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ وزیراعلی نے 137 ارب روپے کے لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کی نہ صرف منظوری دی ہے بلکہ وہ یومیہ بنیادوں پر پروگرام میں پیشرفت پر بریفنگ بھی لے رہی ہیں۔ اس ضمن میں انہوں نے داتا گنج بخش کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے مکمل ہونیوالی سکیموں کا معائنہ کیا۔ وزیر ہائوسنگ بلال یاسین، وزیراعلی کے معاون خصوصی ذیشان ملک، میاں مرغوب احمد،شکیل احمد میاں، ڈپٹی کمشنر اور ایم ڈی واسا بھی ان کیساتھ تھے۔ صوبائی وزرا نے سنت نگر کے جوہری پارک، احمد چوک اور حاجن سٹریٹ کا معائنہ کیا۔ اہل علاقہ سے بھی فیڈ بیک لیا۔