اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرائیں گے

یورپ کے نامور سینئر صحافی  محمود اصغر چوہدری جو اکثر اوقات اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کی نشاندھی کرتے ہیں ، ان کی ایک پوسٹ نظر وں سے گزری ، 
کہ گزشتہ کچھ ہفتوں  سے پاکستانی ائر پورٹس پر بیرون ملک جانے والے ہزاروں پاکستانیوں کو پاسپورٹ بلاک کے نام پر بلاوجہ تنگ کیا جارہاہے اور ان سے روانگی کے لئے لاکھوں روپے وصول کئے جارہے ہیں ، خصوصی طور پر پرتگال ، یونان ، اٹلی و دیگر ممالک کے رہائشی تارکین وطن جب چھٹیاں گزارنے کے بعد پاکستانی ائرپورٹس سے واپسی فلائٹ لینے کے ایئرپورٹ پہنچتے ہیں تو ان کو پاسپورٹ بلاک یا دوسری دستاویزات کی انکوائری کے بہانے روک لیا جاتا ہے اور فلائٹ مِس ہونے سے بچنے کے لئے مجبورا تارکین وطن لاکھوں روپے دینے پر مجبور ہوجاتے ہیں ،
 اس خبر کو پڑھ کر دْکھ بھی ہؤا اور تشویش بھی کہ وطن عزیز کے لئے زرمبادلہ کمانے والے تارکین وطن کو حیلے بہانوں سے تنگ کرنے کا سلسلہ جاری و ساری ہے بلکہ اس میں آئے دن اضافہ ہورہا ہے ، بیرون ملک سے پاکستان چھٹیوں کے لئے جانے والوں کو ائیرپورٹ پر تو ہمیشہ سے ہی تنگ کیا جاتا رہا ہے لیکن اب تارکین وطن کو پاکستان سے بیرون ملک واپسی پر بھی بے جا تنگ ، اور خجل و خوار کیا جاتا ہے جب تک وہ لاکھوں روپے کی رشوت ایئرپورٹ پر متعین کرپٹ افسران کو نہ دیں، فوری طور پر پاکستان بزنس فورم فرانس کے عہدیداروں کو اوورسیز پاکستانیوں کی اس شکایت سے آگاہ کیا۔ 
بزنس فورم فرانس کے صدر حاجی اسلم  چوہدری، سرپرست اعلی محمد ابراہیم ڈار ، چیئرمین صدر ظہور اقبال اور جنرل سیکریٹری یاسر خان نے فوری ایکشن لیتے ہوئے  بزنس فورم کی طرف سے  اس شکایت کے حوالے سے ایک تفصیلی خط وفاقی وزیر اوورسیز چوہدری سالک حسین صاحب کو ارسال کیا ، جنہوں نے فوری طور پر ٹیلیفونک رابطہ کیا اور مسئلے سے تفصیلی آگاہی حاصل کی، اس کے اگلے ایک گھنٹے میں وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی ہدایت پر ڈائریکٹر ٹو منسٹر نے بزنس فورم فرانس کے عہدیداروں سے رابطہ کیا، اور بتایا کہ متعلقہ اتھارٹیز کو وفاقی وزیر کی طرف سے ہدایات جاری کردی گئی ہیں اور اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا ،  پاکستان بزنس فورم فرانس کی طرف سے ایک تفصیلی خط وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کو بھی لکھا گیا ، جو اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا اور اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے وائس چیئرمین بیرسٹر امجد ملک نے وزیراعظم آفس پہنچانے کا وعدہ کیا۔  چیئرمین پاکستان بزنس فورم فرانس سردار ظہور اقبال نے سید قمر رضا چیئرمین او پی ایف سے اس حوالے سے تفصیلی بات چیت  کی ، سید قمر رضا نے فوری طور پر وزیرداخلہ محسن نقوی کو اس مسئلے کے حوالے سے تحریری طور پر اور فون پر آگاہ کیا ، جنہوں نے فوری اقدام کرنے کی یقین دہانی کرائی ، اور بزنس فورم کے عہدیداران کو وزیرداخلہ کو لکھے گئے خط کی کاپی بھی بھیجی ، 
بزنس فورم فرانس کے عہدیداروں سے ٹیلیفونک رابطے میں وفاقی وزیر اوورسیز چوہدری سالک حسین نے یقین دہانی کرائی کہ  اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرائیں گے۔ پاسپورٹ بلاک اور ائیرپورٹ پر پریشانی کے حوالے سے  پاکستان بزنس فورم فرانس کے عہدیداروں کی طرف سے لکھا گیا خط ملتے ہی متعلقہ اتھارٹیز کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں اور اگر ایسا کوئی بھی مسئلہ ہے تو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا ، وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے بزنس فورم فرانس کے عہدیداروں سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان اور میری وزارت اوورسیز پاکستانیوں کو ہر ممکن سہولت پہنچانے کے لئے اقدامات کررہی ہے ، اور جب بھی تارکین وطن کے حوالے سے ہم تک کوئی شکایت یا مسئلہ پہنچتا ہے اس کے تدارک کے لئے فوری اقدامات کئے جاتے ہیں،بزنس فورم فرانس کے سرپرست ابراہیم ڈار ، چیئرمین سردار ظہور اقبال ، صدر حاجی محمد اسلم چوہدری ، جنرل سیکریٹری یاسر خان نے وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بزنس فورم کی طرف سے خط ملتے ہی فوری رابطہ کیا اور اوورسیز کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی.
بزنس فورم کے عہدیداران کا کہنا تھا کہ  وفاقی وزیر اوورسیز چوہدری سالک حسین نے اپنے والد چوہدری شجاعت حسین صاحب کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے پاکستان بزنس فورم فرانس کی طرف سے پاکستانی ائیرپورٹس پر اوورسیز پاکستانیوں کو روکنے کے حوالے سے لکھے گئے لیٹر کے ملتے ہی فوری طور پر بزنس فورم فرانس کے ذمہ داران سے ٹیلیفون رابطہ کیا اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ اس مسئلے کے حل کے لئے متعلقہ اتھارٹیز کو فوری طور پر ہدایات جاری کردی گئی ہیں اور ترجیحی طور پر اس مسئلے کو حل کیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن