امریکی وزیرخارجہ کی جنوبی کوریا میں موجودگی‘ شمالی کوریا کا بیلسٹک میزائل کا تجربہ 

سیول (نیٹ نیوز) جنوبی کوریا کی فوج نے کہا ہے کہ شمالی کوریا نے پیر کو ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے، جو جزیرہ نما کوریا اور جاپان کے درمیان سمندر میں اترنے سے پہلے 1100 کلومیٹر تک پرواز کر چکا تھا۔ جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف سٹاف نے کہا کہ میزائل شمالی کوریا کے دارالحکومت پیانگ یانگ کے قریب ایک علاقے سے داغا گیا تھا۔ امریکا اور جنوبی کوریا کی افواج نے اس لانچ کی تیاریوں کا پیشگی اندازہ لگا لیا تھا۔ انہوں نے اس تجربے کی مذمت کرتے ہوئے اسے اشتعال انگیزی قرار دیا، جو جزیرہ نما کوریا میں امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ فوج ممکنہ اضافی تجربات کی تیاری، امریکا اور جاپان کے ساتھ میزائل سے متعلق معلومات کے تبادلے کے لیے اپنی نگرانی اور دفاعی پوزیشن کو مضبوط بنا رہی ہے۔ شمالی کوریا کی جانب سے یہ میزائل تجربہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے، جب امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن شمالی کوریا کے جوہری خطرے اور دیگر امور پر جنوبی کوریا کے اتحادیوں کے ساتھ بات چیت کے لیے سیئول کا دورہ کر رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن