اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمن کی زیر صدارت پارٹی کے سینئر رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس ہوا۔ پی ٹی آئی کے ساتھ تعلقات سے متعلق امور پر بھی مشاورت کی گئی۔ خیبر پی کے حکومت کی کارکردگی، عوام کو درپیش مشکلات کا اجلاس میں جائزہ لیا گیا۔ مولانا نے پی ٹی آئی سے اتحاد کے امکان کو مسترد کر دیا۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پی ٹی آئی سے ورکنگ ریلیشن شپ کیلئے تیار ہیں اتحاد کیلئے نہیں، تحریک انصاف سے باضابطہ اتحاد ممکن نہیں۔ جے یو آئی جنرل کونسل نے پی ٹی آئی سے اتحاد کی اجازت نہیں دی۔ مولانا فضل الرحمن نے پارلیمنٹ سے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک نازک دور سے گزر رہا ہے، بھارت پاکستان کیلئے مسائل پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ پاکستان کی دفاعی صلاحیت بہت مضبوط ہے۔ بھارتی جارحیت پاکستان کی سلامتی کیلئے خطرہ ہے۔ قوم پاکستان کی دفاعی صلاحیت پر اعتماد کرتی ہے۔ اسمبلی میں ہم بانسری کس کے سامنے بجائیں، ہم ایک دوسرے پر تنقید کے دائرے سے نہیں نکل سکے۔ خیبر پی کے اور بلوچستان میں جنگ میں اضافہ ہو گا، ملک کی آخری صورتحال کیلئے سٹریٹجی بنائی گئی ہے۔ بھارت کو اپوزیشن اور سیاسی جماعتوں کی حمایت نہیں مل رہی، ہم پارلیمنٹ میں کارروائی کی غیر سنجیدگی کی وجہ سے باہر آ گئے، وزیراعظم نہ وزیر خارجہ کوئی اہم منسٹر ایوان میں موجود نہیں تھا۔