لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ بھارت کی حکومت اس وقت جنگی جنون میں مبتلا ہے، پہلگام واقعہ بھارت کی سکیورٹی کی بڑی ناکامی ہے، اور اس پر پاکستان کو الزام دینا انتہائی غیر ذمہ دارانہ اقدام ہے۔ نہ تو بھارت کے پاس پہلگام واقعے کا کوئی ثبوت ہے، نہ ہی دنیا نے اس الزام کو تسلیم کیا۔ بھارت کی جانب سے دی جانے والی جنگی دھمکیوں، سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی اور خطے میں امن و استحکام کو لاحق خطرات پر ہمیں شدید تحفظات ہیں۔ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ پاکستان نے آزادانہ تحقیقات کی پیشکش بھی کی ہے۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے یاددہانی کرائی کہ دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک پاکستان ہے، جس نے 80 ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دی ہے، اور دو دہائیوں سے اس جنگ میں کامیابیاں حاصل کیں۔ پاکستانی فوج دنیا کی ماہر ترین افواج میں سے ہے، جو ہر طرح کی جنگ کے لیے تیار ہے۔