لاہور(لیڈی رپورٹر) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے محکمہ تعلیم کو سکولوں میں سہولیات کا فقدان دور کرنے کیلئے 4 ماہ کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے تمام سی ای اوز کو صاف پانی سمیت دیگر مسنگ فیسیلیٹیز 120 دن میں دور کرنے کی ہدایت کر دی۔ وزیر تعلیم نے سی ای اوز، ڈی ای اوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تعلیمی افسران پر واضح کیا کہ سروس ڈیلیوری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا سہولیات کا فقدان دور کرنے کیلئے وافر فنڈز دینگے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ آئندہ مالی سال میں تعلیمی بجٹ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ ہم گلوبل سٹینڈرڈ کے مطابق ایجوکیشن سسٹم بنا رہے ہیں۔وزیر تعلیم نے کہا کہ سسٹم سے طاقتور کوئی نہیں ہے، ہمیں مل کر تعلیمی نظام کی اصلاح کرنی ہے۔ اس حوالے سے تمام ضلعی تعلیمی افسران کی کارکردگی کو خود جانچ رہا ہوں۔ کارکردگی کی بنیاد پر سزا اور جزا کا نظام بھی متعین کیا گیا ہے۔ رانا سکندر حیات نے تعلیمی افسران کو سکول لائبریریز اپ گریڈ کرنے، شام کے اوقات میں لائبریریز کو بچوں کے استفادہ کیلئے کھلی رکھنے اور سکولوں میں کمپیوٹر و سائنس لیبز کی اپ گریڈیشن پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایات بھی دیں۔