لاہور (سپورٹس رپورٹر) لاہور قلندرز کے اوپننگ بیٹر فخر زمان پی ایس ایل کی تاریخ میں ایک ٹیم کیلئے سب سے زیادہ نصف سنچریاں سکور کرنیوالے بیٹر بن گئے۔ فخر زمان نے گزشتہ روز کراچی کنگز کیخلاف میچ میں 33 گیندوں پر 4 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 51 رنز سکور کیے۔ یہ فخر زمان کی لاہور قلندرز کیلئے 24ویں نصف سنچری تھی۔ اس فہرست میں بابر اعظم کراچی کنگز کی جانب سے 23 نصف سنچریاں سکور کرکے دوسرے، محمد رضوان ملتان سلطانز کی جانب سے 22 ففٹیز کے ساتھ تیسرے، کامران اکمل پشاور زلمی کی جانب سے 15 نصف سنچریاں سکور کرکے چوتھے جب کہ بابر اعظم پشاور زلمی کیلئے 14 ففٹیز بنا کر پانچویں نمبر پر ہیں۔