لاہور(سپورٹس رپورٹر)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اپنی سالانہ ٹیم رینکنگ اپ ڈیٹ جاری کی ہے جس میں تینوں فارمیٹس میں اہم تبدیلیاں ہوئی ہیں جس میں پاکستان سٹینڈنگ میں تنزلی کا شکار ہوا ہے جبکہ سری لنکا سب سے زیادہ فائدہ اٹھانے والوں میں سے ایک بن کر ابھرا ہے۔ آئی سی سی کی مردوں کی ٹیسٹ ٹیم رینکنگ میں عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ ہولڈرز آسٹریلیا 126 کی ریٹنگ کے ساتھ اپنی ٹاپ پوزیشن برقرار رکھے ہوئے ہے۔تاہم سالانہ اپ ڈیٹ کے بعد ان کی برتری 15 سے 13 پوائنٹس تک کم ہو گئی ہے۔ بین سٹوکس کی قیادت میں انگلینڈ نے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک مضبوط سال کے بعد اپنی 4 میں سے 3 سیریز جیت کر دوسرے نمبر پر آگئی ہے۔ ان کی ریٹنگ اب 113 پر ہے جس سے جنوبی افریقہ (111) اور ہندوستان (105) بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہے۔باقی ٹاپ 10 میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی نیوزی لینڈ پانچویں نمبر پر ہے، اس کے بعد سری لنکا، پاکستان، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش اور زمبابوے ہیں۔