حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت)ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک وقوم کی ترقی کیلئے نوجوان نسل کا جدید تعلیم کا حصول بہت ضروری ہے۔ آج کے جدید دور میں طلباء و طالبات کو ماضی کے نظام تعلیم سے مختلف نئے نظام تعلیم کے تحت کمپیوٹر سائنس، میڈیکل، انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ جیسی جدید تعلیم کے حصول کو یقینی بنانا ہو گاکیونکہ آنے والے وقت میں ایس ہی جدید تعلیم،ہنر اور قابلیت کی ضرورت ہو گی۔ ڈسٹرکٹ پبلک سکول حافظ آباد کا ایک واحد ادارہ ہے جہاں طلباء و طالبات کو ایک معیاری تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ انکی شخصیت اور کردار سازی کو بھی بہتر بنانے کا کام کیا جا تا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پبلک سکول کی سالانہ تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر کاکہنا تھا کہ دنیا میں جیتنے بھی ترقی یافتہ ممالک کے لوگوں نے ترقی کی انہوں نے اپنے نظام تعلیم کو وقت کے ساتھ ساتھ تبدیل کیا۔