لاہور(خصوصی نامہ نگار)چیئرمین اسلامی نظریہ کونسل علامہ ڈاکٹر محمدراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ اسلام امن پسندی کا درس دیتاہے جبکہ مودی کا طرز عمل انتہا پسندانہ ہے۔ سندھ طاس معاہدہ پر بھارتی وزیراعظم کی بدنیتی عیاں ہے‘ مودی الیکشن کیلئے پانی کی سیاست کر رہا ہے ۔ بھارت کو تباہی کے راستے کا انتخاب بہت مہنگا پڑے گا کیونکہ ملکی سلامتی کے تحفظ کیلئے پوری قوم متحد ہے۔پاکستان کا بچہ بچہ مسلح افواج کیساتھ دفاع وطن کیلئے تیار ہے۔ ہمیں اپنی عسکری قیادت پر فخر ہے جو آنکھ پاکستان کی طرف اْٹھے گی وہ نکال دی جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جامعہ نعیمیہ میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا مودی کے مسلم کش اور جنگی عزائم خطے کو انتہائی خطرناک جنگ کی جانب دھکیل رہے ہیں۔ ہندواتوا نے پوری دنیا میں فساد بھرپا کر رکھا ہے۔