ا سلام آباد(خصوصی رپورٹر )سپریم کورٹ نے عام انتخابات دھاندلی کمیشن کی تشکیل سے متعلق درخواستوں پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کر دئیے۔عدالت نے رجسٹرار آفس کو درخواستوں کو نمبر لگانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر وکلا تیاری کرکے پیش ہوں۔دوران سماعت، وکیل شیر افضل مروت نے دلائل دئیے تھے کہ انتظامی سائیڈ پر جوڈیشل اعتراضات کا کوئی جواز نہیں لہذا اعتراضات ختم کیے جائیں۔عدالت نے وکیل شیر افضل مروت کی استدعا منظور کرلی۔ جسٹس امین الدین خان سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے غیر معینہ مدت تک سماعت ملتوی کر دی۔بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شیر افضل مروت نے عام انتخابات میں دھاندلی پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ رجسٹرار آفس نے اعتراضات عائد کرکے درخواستیں واپس کر دی تھیں۔