لاہور (خصوصی نامہ نگار ) انجمن اہلحدیث لاہور کے صدر ، ممتاز دینی سکالر ، درجنوں دینی کتابوں کے مصنف اورجامع محمدی اہلحدیث سنت نگر کے سرپرست اعلیٰ مولانا فضل الرحمن بن محمد نے کہا برے کام کرنیوالے معاشرے پر اللہ کی رحمت نہیں ہوتی۔ جھوٹ ، دھوکے بازی ، بے رحمی سفاکی کے باعث زندگی سے سکون قلب ختم ہو کر رہ گیا ہے۔ کمزور کو انصاف سے محروم رکھتے اور یتیموں کا مال کھانے کے واقعات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ایسے معاشرے پر کیسے رحمت کا نزول ہو سکتا ہے۔ بے یقینی ، مایوسی ، جنگ اور آفات کا خوف دامن گیر ہو کر رہ گیا۔ ہر شخص معاشی تنگی کے باعث پریشان ہے۔ اللہ کے نیک بندوں ، مومنین اور ایمان داروں کی جونشانیاں قرآن پاک میں موجود ہیں ان کے مطابق وہ حزن و ملال سے ماورا ہوتے ہیں۔ آج ہم اپنے برے اعمال کے باعث گزرے ہوئے کل کے ملال اور آنے والے ایام کے خوف سے دوچار ہیں۔ یہی ہمارے اعمال کا نتیجہ ہے۔