لاہور(لیڈی رپورٹر) محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے ڈی جی خان میڈیکل کالج ڈیرہ غازی خان کے اسسٹنٹ پروفیسر یورولوجی ڈاکٹر شبیر حسین چوہدری کو ڈیوٹی سے غیر حاضری اور احتجاجی سرگرمیوں میں شرکت پر شو کاز نوٹس جاری کر دیا۔ڈاکٹر شبیر حسین چوہدری کو اگلے 3روز میں شوکاز نوٹس کا جواب جمع کروانے کا حکم دیا گیا۔ ڈاکٹر شبیر حسین چوہدری 14 سے 28 اپریل 2025 تک بغیر اجازت لئے ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے ہیں۔علاوہ ازیں ڈاکٹر شبیر حسین چوہدری اس دوران لاہور میں گرینڈ ہیلتھ الائنس کے احتجاج اور دھرنے میں شریک رہے۔یہ تمام اقدام پیڈا ایکٹ کی خلاف ورزی میں آتے ہیں۔ایک حاضر ڈیوٹی ملازم کو احتجاج میں شرکت کی ہرگز اجازت نہیں اور اس عمل کو مس کنڈیکٹ سمجھا جاتا ہے۔جبکہ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے ٹیچنگ ہسپتالوں میں تعیناتی کیلئے میڈیکل پروفیشنلز سے درخواستیں طلب کر لیں۔رجسٹر ہونیوالے لوکم ڈاکٹرز کی خدمات کو ٹیچنگ ہسپتالوں میں میڈیکل پروفیشنلز کی فوری طور پر کمی کو پورا کرنے کیلئے حاصل کیا جائیگا۔ کوالیفائیڈ اور قابل میڈیکل پروفیشنلز کی ٹیچنگ ہسپتالوں میں بطور لوکم ڈاکٹرز تعیناتی کیلئے رجسٹریشن کی جائے گی۔ٹیچنگ ہسپتالوں میں میڈیکل افسران، سینئر رجسٹرارز اور کنسلٹنٹس کو تعینات کیا جائے گا۔