لاہور(سپورٹس رپورٹر) جنوبی افریقہ نے چیمپئنز ٹرافی کے میچ میں انگلینڈ کو 7وکٹوں سے ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔ انگلش ٹیم کی ایونٹ میں مسلسل تیسری شکست تھی۔ کراچی میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیااور ٹیم38.2اوورز میں 179رنزپر ڈھیر ہو گئی ۔ جنوبی افریقہ نے ہدف 29.1اوورز میںتین وکٹوں پرپورا کرلیا ۔ مارکو جانسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ گروپ اے کا آخری میچ آج بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا۔ گروپ اے سے بھارت اور نیوزی لینڈ جبکہ گروپ بی سے جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا سیمی فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔آسٹریلیا کرکٹ ٹیم متحدہ عرب امارات پہنچ گئی ۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم بھی انگلینڈ کیخلاف میچ کے بعد دبئی روانہ ہو گئی ۔لاہور میں ہونے والا سیمی فائنل کھیلنے کیلئے ٹیمیں تین مارچ کی صبح پہنچیں گی ۔ دوسرے سیمی فائنل کیلئے ٹیمیں چار مارچ کو قذافی سٹیڈیم میں ٹریننگ کریں گی ۔ لاہور میں دوسرا سیمی فائنل پانچ مارچ کو کھیلا جائیگا۔