250 رجسٹرڈ پارٹیوں کے چند سربراہ ہی الیکشن لڑیں گے
لاہور (رپورٹ: فرخ سعید خواجہ) الیکشن کمشن پاکستان کے پاس 250 رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں میں سے صرف چند ایسی ہیں جن کے سربراہان الیکشن 2013ءمیں حصہ لے رہے ہیں۔ پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہاں سے ملک کی چار سیاسی جماعتوں کے سربراہان الیکشن لڑیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف این اے 120 لاہور اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان این اے 122 لاہور‘ عوامی مسلم لیگ کے صدر شیخ رشید احمد این اے 125 لاہور اور استقلال پارٹی کے صدر سید منظور گیلانی این اے 119 اور این اے 126 لاہور سے الیکشن لڑیں گے۔ شیخ رشید احمد لگتا ہے صرف راولپنڈی کے حلقہ این اے 55 سے ہی الیکشن لڑیں گے۔ پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر مخدوم امین فہیم این اے 218 حیدر آباد‘ عوامی نیشنل پارٹی کے صدر اسفندیار ولی خان این اے 7 چارسدہ‘ جمعیت علماءاسلام (ف) کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن این اے 24 ڈیرہ اسمٰعیل خان اور این اے 26 بنوں‘ جمعیت علماءپاکستان نورانی کے مرکزی امیر ڈاکٹر ابوالخیر زبیر این اے 138 قصور اور این اے 220 حیدر آباد‘ پشتون خواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی این اے 262 قلعہ عبداللہ سے الیکشن لڑیں گے۔ جن جماعتوں کے سربراہان الیکشن میں حصہ نہیں لے رہے ان میں جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سید منور حسن‘ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین‘ تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ‘ ڈاکٹر طاہرالقادری‘ جنرل (ر) اسلم بیگ‘ جنرل فیض علی چشتی سمیت متعدد سیاسی جماعتوں کے سربراہان نے خود کو الیکشن سے باہر رکھا۔