فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے فرانسیسی وزارت خارجہ کے ڈپٹی چیف آف پروٹوکول کو سفارتی اسناد کی نقول پیش کیں۔ یہ بات فرانس میں پاکستان کے سفارتخانہ کی ایکس پر پوسٹ میں بتائی گئی۔ کیریئر ڈپلومیٹ ممتاز زہرہ بلوچ نے جنوری 2025 میں فرانس میں پاکستان کی سفیر اور یونیسکو میں مستقل مندوب کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالیں۔ اس سے قبل وہ وزارت خارجہ کی ترجمان اور ایڈیشنل سیکرٹری (اسٹریٹجک کمیونیکیشن ڈویڑن اینڈ پبلک ڈپلومیسی) کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں۔
ممتاز زہرہ بلوچ جمہوریہ کوریا میں پاکستان کی سفیر (2020-2021) اور چین میں پاکستانی سفارت خانے میں منسٹر/ڈپٹی ہیڈ آف مشن (2015-2020) کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔ وہ سفارتخانہ پاکستان، واشنگٹن ڈی سی (2006-2011) میں سیاسی امور کی قونصلر اور اقوام متحدہ، جنیوا (1999-2002) میں پاکستان کے مستقل مشن میں سیکنڈ سیکرٹری کے طور پر بھی کام کرچکی ہیں۔انہوں نے وزارت خارجہ اسلام آباد میں ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ ایشیا اینڈ پیسفک (2022-2023)، ڈائریکٹر امریکہ (2013-2014)، ڈائریکٹر سلامتی کونسل اور انسانی حقوق (2012-2013) اور ڈائریکٹر سٹریٹجک پلاننگ (12 -2011)کے طور پر خدمات انجام دیں۔
2014-2015 کے دوران ممتاز زہرہ بلوچ نے ڈائریکٹر (اکیڈمک پروگرام) اور بعد ازاں فارن سروس اکیڈمی اسلام آباد کی قائم مقام ڈائریکٹر جنرل کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ممتاز زہرہ بلوچ نے پنجاب یونیورسٹی لاہور سے فزکس میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ فلیچر اسکول آف لاء اینڈ ڈپلومیسی امریکہ سے بین الاقوامی تعلقات میں ماسٹرز اور ایکول نیشنل ڈی ایڈمنسٹریشن فرانس سے پبلک ایڈمنسٹریشن میں ڈگری حاصل کی۔
فرانس کی معروف کاروباری و سماجی شخصیت ، چیئرمین پاکستان بزنس فورم فرانس سردار ظہور اقبال نے سفیر ممتاز زہرہ بلوچ کو خوش آمدید کہا اور امید ظاہر کی کہ وہ فرانس پاکستان بہتر تعلقات کے لئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گی ، صدر پاکستان بزنس فورم فرانس حاجی محمد اسلم چوہدری نے نے ممتاز زہرہ بلوچ کو خوش آمدید کہا ، فرانس کی پاکستانی کمیونٹی کے مختلف مکتبہ فکر کے نمائیندوں مرزا ساجد جرال کشمیری راہنما ،
مسلم لیگ ن فرانس کے چیئرمین راجہ علی اصغر ، بزنس فورم کے سرپرست اعلٰی محمد ابراہیم ڈار ، ممتاز بزنس مین و نجی میڈیا گروپ کے مالک حمزہ تاج سکھیرا ، تحریک انصاف کے سینئر راہنما چوہدری گلزار لنگڑیال ، شیخ نعمت اللہ ، مسلم لیگی سینئیر راہنما چوہدری قادر ، بزنس مین و مقامی کونسلر سبط مزمل ، ن لیگی راہنما چوہدری افضل لنگاہ ، بزنس مین راجہ مظہر ذمہ واریہ ، چیئرمین عصمت اللہ تارڑ ، جنرل سیکریٹری بزنس فورم فرانس یاسر خان نے محترمہ ممتاز زہرہ بلوچ کی بطور سفیر فرانس تعیناتی پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔