لاہور (خبرنگار) انسداد دہشتگری عدالت نے 9 مئی جلائو گھیرائو مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کے پولی گرافک ٹیسٹ کی اجازت دینے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا ہے۔ 6 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے می ںجج منظر علی گل نے تفتیشی افسر کو 26 مئی تک پولی گرافک، فوٹو گرامیٹک اور وٹس ایپ میچنگ ٹیسٹ مکمل کرا کر رپورٹ داخل کرنے کا حکم دیدیا۔ فیصلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل تفتیش کا متعلقہ ٹیسٹوں کے حوالے سے جیل میں ہی تمام تر انتظامات کرے۔ پولی گرافک اور وائس میچنگ ٹیسٹ، کا فائدہ ملزم اور پراسیکیوشن دونوں کو ہو سکتا ہے۔ بانی پی ٹی آئی پر لگے الزامات کی سچائی جاننے کے لیے یہ ٹیسٹ مددگار ثابت ہوگا۔ یہ ٹیسٹ قابل قدر اور بیکار شواہد کے درمیان فرق کرنے کی مخلصانہ کوشش ہوگی۔ تفتیشی افسر ٹیسٹوں کی روشنی میں ہی درست نتائج تک پہنچے گا۔ بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے اعتراض اٹھایا کہ ٹیسٹوں کی درخواست 727 دنوں بعد دائر کی گئی ہے۔ بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے موقف اپنایا کہ پراسیکیوٹر نے ٹیسٹوں کے لیے ایک ہی نوعیت کی 12 درخواستیں دائر کیں۔