مسلح افواج کو شجاعت اور مادرِ وطن کا دفاع کرنے پر قوم کا سلام

پاک افواج کی جانب سے آپریشن ’’بنیان المرصوص" کے ذریعے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور مکار دشمن کا غرور خاک میں ملانے پر پو ری قوم کا سرفخر سے بلند ہو گیا اور پوری قوم میں ایک نیا جذبہ اور ولولہ پیدا ہوا۔ نا صرف خطہ میں بلکہ پوری دنیا میں پاکستان کا وقار بلند ہوا بلکہ بھارت کو فوجی اور سفارتی ہر محاذ پر سبکی کا سامنا کرناپڑا ہے۔ افواج پاکستان کی شاندار کامیابی پر خیبر سے کراچی تک بھرپور جشن منایا گیا اور پوری قوم نے اپنی افواج سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ریلیاں نکالیں۔ سول سوسائٹی سمیت سیاسی‘ سماجی و مذہبی جماعتوں کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں اور افواج پاکستان کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس ضمن میں ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں بھی ہر مکتبہ فکر اور سول سوسائٹی کے افراد اور تاجروں کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں۔ مٹھائیاں تقسیم کی گئیں اور ضلعی انتظامیہ ملتان کے زیراہتمام شاندار آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔ شرکائے ریلی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بہترین حکمت عملی اور بالخصوص افواج پاکستان کی تاریخی کامیابی کے باعث بھارت کو دفاعی‘ معاشی اور سفارتی سمیت تمام محاذوں پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان اس جنگ میں ہماری افواج اور پاک فضائیہ نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ور پاک فضائیہ نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا اور پاک فضائیہ نے بغیر کسی نقصان کے دشمن کے جدید اور مہنگے 6 طیارے مار گرائے۔
دنیا کے جدید اور مہنگے ترین رافیل طیارے کے گرنے کے باعث بھارت کو پوری دنیا میں سبکی کا سامنا کرنا پڑا اور رافیل طیارے بنانے والی فرانسیسی کمپنی کے شیئرز میں ریکارڈ تنزلی دیکھی گئی جبکہ پاکستان کی بہترین پیشہ وارانہ مہارت کے باعث پوری دنیا میں چینی ٹیکنالوجی کی دھوم مچ گئی اور چینی کمپنی کے شیئرز میں ریکارڈ اضافہ ہوا اب دشمن بھارت پوری دنیا میں منہ چھپاتا پھر رہا ہے اور اکھنڈ بھارت اور ہندو مذہبی جنون میں مبتلا بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو اپنے ہی ملک میں شدید تنقید کا سامنا ہے جبکہ آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ کی کامیابی کے بعد سے پاکستانی عسکری قیادت کی مقبولیت کئی گنا بڑھ گئی۔ اس جنگ سے قبل سیاسی محاذ آرائی کا شکار منقسم سیاسی جماعتوں نے بھی تمام اختلافات بھلا کر اتحاد کا ثبوت دیا اور پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں نے اپنے اختلافات بالائے طاق رکھ کر افواج پاکستان کی حمایت کی اور دشمن کو کسی قسم کے اندرونی اختلافات کا تاثر نہ گیا۔
حالیہ جنگی کشیدگی میں پاکستانی عوام کا جذبہ حب الوطنی اور جوش و خروش بھی دیدنی رہا عالمی میڈیا نے بھی پاکستانی عوام کی بہادری اور جوش و جذبہ کو رپورٹ کیا کہ حالت جنگ میں پاکستانیوں نے خوف و ہراس کا شکار ہونے کی بجائے اپنی افواج کو ہر محاذ پر سپورٹ کیا اور دنیا نے دیکھا کہ کس طرح بھارت پر میزائل داغنے کے عمل کے موقع پر عوام بھی فوجی جوانوں کے ہمراہ موجود رہی اور پاکستانی بچے بھارتی ڈرونز کا ملبہ اٹھا کر تصاویر بناتے رہے۔
بھارت کی بدترین شکست پر ملتان میں سیاسی و مذہبی جماعتوں، سول سوسائٹی،  یونیورسٹی و کالجز کے طلبا و طالبات، سماجی رہنماؤں،تاجروں، ورکرز یونینز، سرکاری و نجی اداروں کے ملازمین نے شہر بھر میں افواج پاکستان کے حق میں ریلیاں نکالیں اور وطن عزیز کے شاندار دفاع پر سپہ سالار سید عاصم منیر اور تینوں مسلح افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ اس ضمن میں ایوان تجارت و صنعت ملتان کی جانب سے افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی واک پریس کانفرنس میں بھارت کوآپریشن بنیان المر صوص کے ذریعے جواب دینے پر سلام پیش کیا کشیدگی میں کمی اور جنگ بندی پر عالمی برادری کی کوششوں کو سراہا۔ایوان تجارت و صنعت ملتان کے قائمقام صدر خواجہ محسن مسعو دنے ایوان میں دیگر عہدیداران اور سینیئرز ممبران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایوان تجارت و صنعت ملتان اور پاکستان کی پوری بزنس کمیونٹی اپنی مسلح افواج کو شجاعت اور مادرِ وطن کے دفاع میں ان کی پیشہ ورانہ مہارت پر سلام پیش کرتی ہے۔افواجِ پاکستان نے‘‘آپریشن بنیان المرصوص’’کے تحت بروقت اور انتہائی مؤثر جواب دیا، جس کے نتیجے میں دشمن کے فوجی اڈوں اور ہوائی اڈوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ اس سب کے نتیجہ میں اب دشمن خود بات چیت اور کشیدگی میں کمی کی درخواست کر رہا ہے۔ یہ پاکستان کی عسکری اور سفارتی  کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔ بزنس کمیونٹی اس مشکل وقت میں یہ یقین دلاتی ہے کہ ہم اپنی معیشت، صنعت، برآمدات اور وسائل کے ذریعے قومی استحکام میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ ہم پوری قوم کو بھی یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان ایک پرامن، ذمہ دار اور خودمختار ملک ہے لیکن اپنے دفاع اور قومی وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ تاجر بھی دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ ہمارے وطن، ہماری افواج اور ہماری قوم کو اپنی حفاظت میں رکھے۔پریس کانفرنس کے موقع پر نائب صدر اظہر بلوچ نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ہمارے پاس باصلاحیت پائلٹس ہیں جنہوں نے رافیل طیاروں کو مار گرایا انہوں نے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال میں فارما سیوٹیکلز ایسوسی ایشن کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی بھی یقین دہا نی کرائی سابق صدر ایف پی سی سی آئی میاں تنویر اے شیخ نے کہا کہ کامیاب آپریشن پر ہم دفاع وطن کے لیے ہر طرح سے افواج پاکستان کے ساتھ ہیں اور افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے جے ایف تھنڈر طیاروں سے رافیل طیاروں کو مار گرایا یہی جذبہ ہماری قوم میں بھی ہے خواجہ محمد یوسف،میاں راشد اقبال نے کہا کہ قوم نے ثابت کیا کہ ہم یک جان دو قالب ہیں قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔خواجہ محمد حسین،خواجہ محمد عثمان نے کہا کہ افواج سرحدوں پر لڑتی ہے ، ضرورت پڑی تو  عوام بھی سرحدوں پر لڑنے کو تیار ہیں۔ ملک اسرار اعوان نے کہا کہ کاروباری برادری محب وطن ہے جس نے ہمیشہ ضرورت پڑنے پر حکومت اور عوام کا ساتھ دیا۔ خانیوال انڈسٹریل اسٹیٹ کے صدر اور ممبر ایوان ملتان احمد رضا نے کہا کہ ہمارے احساسات جذبات دعائیں اپنی افواج کے ساتھ ہیں ۔پریس کانفرنس کے بعد افواج پاکستان کے ساتھ یکجہتی اور جنگ بندی پر اظہار تشکر کے لیے واک بھی کی گئی اس موقع پر سید افتخار علی شاہ،شیخ محمد عاصم سعید،میجر ر طارق خان،نوید اقبال چغتائی،ملک شکیل ارائیں،ظفر اقبال صدیقی،چوہدری طارق کریم،خواجہ محمد علی،سہیل طفیل،طلعت جاوید،محمد امین،سیکرٹری جنرل محمد شفیق اور دیگر ممبران موجود تھے واک کے شرکاء  نے پاکستان و افواج پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔
 اسی طرح کیتھولک چرچ ڈایوس آف ملتان کے زیر اہتمام پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے بشپ ہاؤس ملتان سے بھی ایک ریلی نکالی گئی جس کی قیادت بشپ آف ملتان بشپ یوسف سوہن نے کی اس موقع پر فادر ڈینیئل تاج ،پیرش پریسٹ ،سیموئیل کلیمنٹ نیشنل ڈائریکٹرکاتھولک کمیشن برائے بین المذاہب و بین المسالک مکالمہ ، امروز گل،پرنس ایلون،عابد پالوس ،جاوید جانسن ،عدیل ساغر ، بابو سنی سمیت دیگر نے شرکت کی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بشپ آف ملتان بشپ یوسف سوہن نے کہا ہے کہ پاکستان کے تحفظ اور تعمیر و ترقی میں پاک فوج کا اہم کردار ہے ماضی طرح 10مئی 2025کو بھی پاک فوج کے جوانوں نے بھارت پر جوابی کاروائی کرتے ہوئے ملک دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا ہے۔بھارت نے پاکستان کے نہتے لوگوں پر رات کی تاریکی میں حملے کرکے ان کو شہید کیا جس میں خواتین اور معصوم بچے بھی شامل تھے لیکن پاک فوج کے جوانوں نے بھارت کے کسی سویلین یا  آبادی کو نشانہ نہیں بنایا ہے ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایگزیکٹیو سیکرٹری کاری طاس سیموئیل کلیمنٹ نے کہا ہے کہ پاکستان کی تعمیر ترقی میں مسیحی کمیونٹی کا اہم کردار ہے پاک فضائیہ کے مسیحی نوجوان کامران بشیر نے بہادری کے ساتھ جس انداز میں دشمن کے مورچوں کو ٹارگٹ کیا اس سے ہم سب کے سر فخر سے بلند ہو گئے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن