ملتان(سپیشل رپورٹر) بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی اور نوائے وقت کے زیر اہتمام گزشتہ روز زکریا یونیورسٹی میں 3 روزہ نوائے زراعت کسان میلہ سج گیا۔ افتتاح بہائوالدین زکریا یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زبیر اقبال نے کیا۔ ایم پی اے رانا اعجاز نون ، روزنامہ نوائے وقت کے ریزیڈنٹ ایڈیٹر فرحان انجم ملغانی ، وائس چانسلر میاں نواز شریف زرعی یونیورسٹی ڈاکٹر اشتیاق احمد جوانہ ، پاکستان کسان اتحاد کے جنرل سیکرٹری رانا ظفر طاہر ، ڈاکٹر ناظم لابر،ڈاکٹر فقیر محمد،ڈاکٹر ریاض، چیف رپورٹر نوائے وقت محمد نوید شاہ اور ڈیپارٹمنٹ آف ایگرو اکانومی کی ہیڈ ڈاکٹر عذرا یاسمین، ڈاکٹر ثوبیہ بھی موجود تھیں۔شہریوں اورطلبہ کی بڑی تعداد نے اس میلے کا رخ کیا۔نوائے زراعت کانفرنس سے خطاب کرتے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زبیر اقبال نے کہا ہے کہ زراعت کو ترقی دینے سے معیشت کو ترقی ملے گی۔زکریا یونیورسٹی نےآج ایک بار پھر نوائے وقت کیساتھ مل کر کسان کی خوشحالی کی جانب ایک نیا قدم بڑھایا ہے جو سنگ میل ثابت ہوگا۔ ریزیڈنٹ ایڈیٹر روزنامہ نوائے وقت ملتان فرحان انجم ملغانی نے کہا روزنامہ نوائے وقت نے ہمیشہ ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کیا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ کاشتکاروں کوجائز مناسب معاوضہ دیا جائے ‘جدید طریقہ کاشتکاری کو اپنایا جائے۔ آخر میںشرکاء میں ایوارڈز اور شیڈز بھی تقسیم کی گئی۔