اسلام آباد+ سیالکوٹ+ لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ خبرنگار خصوصی+ نامہ نگار+ خصوصی نامہ نگار) وزیراعظم شہبازشریف نے ہر سال 10 مئی کو ’’یوم معرکہ حق‘‘ منانے کا اعلان کر دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ یوم معرکہ حق ملک میں جوش و خروش اور جذبہ ملی وحدت سے منایا جائے گا۔ بہادر افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں نے ہمارے سر فخر سے بلند کر دیئے ہیں۔ وزیراعظم نے 16 مئی کو افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے اور اللہ کے حضور سجدہ شکر بجا لانے کے دن کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا اور کہا کہ جمعے کے دن یوم تشکر کے تسلسل میں خصوصی نوافل ادا کریں گے۔ اللہ کی بارگاہ میں سجدہ شکر بجا لائیں گے اور ملک و قوم کی ترقی کے لئے دعائیں کریں گے۔ شہبازشریف نے معرکہ حق میں شہید ہونے والوں کے لئے شہداء پیکج کا اعلان کیا ہے۔ شہید شہریوں کے ورثا کو ایک کروڑ اور زخمیوں کو 10 سے 20 لاکھ روپے ادا کئے جائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ ہر سال یوم معرکہ حق ملی وحدت اور جوش و جذبہ سے منایا جائے گا۔ ہماری افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں نے ہمارے سر فخر سے بلند کر دیئے۔ اللہ کی بار گاہ میں سجدہ شکر بجا لائیں گے اور ملک و قوم کی ترقی کے لئے دعائیں کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی حملے میں متاثرہ گھروں اور مساجد کی تعمیر وفاقی حکومت کرے گی۔ شہداء کے بچوں کی کفالت حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ہم ہر فرض پورا کریں گے۔ معرکہ حق کے زخمیوں کے علاج کا تمام خرچ وفاقی حکومت اٹھائے گی۔ پاکستان کے دفاع کیلئے خدمات سرانجام دینے والوں کا اعتراف قومی سطح پر کیا جائے گا۔ دفاع پاکستان میں کسی بھی محاذ پر خدمات سرانجام دینے والوں کو اعزازات سے نوازا جائے گا۔ قبل ازیں وزیراعظم سے پاکستان میں تعینات جمہوریہ ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے جنوبی ایشیاء میں حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرنے پر صدر رجب طیب اردگان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اپنی مستقل حمایت کے ذریعے صدر اردگان نے ایک بار پھر پاکستانی عوام کے دل جیت لئے۔ وزیراعظم نے ترکیہ کے برادر عوام کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان مشکل گھڑیوں میں اپنے پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کا ساتھ نہیں چھوڑا اور اس طرح پاکستان اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات کی تاریخ میں ایک نئے اور شاندار باب کا اضافہ ہوا۔ وزیراعظم نے پاکستان کی بہادر مسلح افواج کو شاندار خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ’’آپریشن بنیان مرصوص‘‘ کے ذریعے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا اور اس کے مذموم عزائم کو ناکامی سے دوچار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس تاریخی فتح پر پوری قوم اللہ تعالیٰ کی شکر گزار ہے۔ ترک سفیر نے فوجی اور سفارتی کامیابی پر وزیراعظم اور پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ کے عوام پاکستان کی کامیابیوں پر خوش ہیں اور جنوبی ایشیا میں امن کے لیے اس کی کوششوں اور عزم کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر اردگان دونوں ممالک کے درمیان ہر شعبے میں مضبوط برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں اور اس سلسلے میں ادارہ جاتی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔ علاوہ ازیں وزیرِ اعظم نے امیر جمیعتِ اہل حدیث، سینیٹر پروفیسر ساجد میر کی رہائش پر جاکر ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ شہباز شریف نے سیالکوٹ میں سابق رکن صوبائی اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کے راہنما مرحوم چوہدری ارشد وڑائچ کی رہائش گاہ پر جاکر مرحوم کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔ ادھر پاکستان نے کردوں کے گروپ ’’پی کے کے‘‘ کی تحلیل کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے دہشت سے پاک ترکیہ اور پائیدار امن کے قیام کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔ شہباز شریف نے ’’ایکس‘‘پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ تاریخی پیش رفت ترکیہ کی قیادت رجب طیب اردگان اور ترک قوم کے مفاہمت، اتحاد اور استحکام کی طرف گامزن رہنے کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ ہر قسم کی دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا عزم کئے ہوئے ہیں۔