آئی ایم ایف کو گیس اور بجلی مہنگی کرنے کی یقین دہانی

حکومت کی طرف سے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو صنعتوں کے لیے بجلی اور گیس مہنگی کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ حکومت نے آئی ایم ایف کو یہ بھی یقین دلایا ہے کہ سالانہ بجٹ بھی اس کی مشاورت سے تیار کیا جائے گا۔ نگران حکومت کی معاشی اصلاحات جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔ نگران دور حکومت میں بھی آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے ہوئے تھے اور آئی ایم ایف کی تمام عوام کش تک کی شرائط بھی منظور کر لی گئی تھیں۔ نگران چونکہ عوام کو جوابدہ نہیں ہوتے۔ وہ شدید عوامی رد عمل سے بھی بے نیاز ہوتے ہیں۔ اس لیے ان کی طرف سے ایسے معاہدے کیے جا سکتے تھے مگر آج جمہوری حکومت ہے۔ یہ عوام کے مینڈیٹ سے اقتدار میں آئی ہے جو عوام کو جوابدہ ہے۔ لوگ اس سے بجا طور پر کئی توقعات رکھتے ہیں اور آج کی حکومت عوام کو ریلیف دینے کی پوزیشن میں بھی ہے کیونکہ اس کی طرف سے سخت اقدامات کر کے 14 ماہ کی حکومت کے دوران پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا گیا تھا۔ جب آئی ایم ایف کی مشاورت سے بجٹ تیار کیا جائے گا تو اس بجٹ سے وہی کچھ عام آدمی کے لیے سامنے آنے کا امکان ہے جو آئی ایم ایف کے مطالبات اور حکومت کی یقین دہانیوں سے نظر آ رہا ہے۔ صنعتوں کے لیے گیس اور بجلی کی قیمتیں بڑھائیں گے تو لامحالہ اس کے اثرات عام آدمی پر مہنگائی کی صورت میں مرتب ہونے ہیں۔ آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ بجلی اور گیس ٹیرف میں ایڈجسٹمنٹ کے وقت غریب گھرانوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ آئی ایم ایف کی اس تجویز سے تو لگتا ہے کہ یہ غریب پرور عالمی ادارہ ہے مگر صنعتوں سے گیس اور بجلی مہنگی ہونے کی صورت میں ہر چیز کی لاگت بڑھ جائے گی تو اس کا اثر ان غربا پر بھی پڑنا ہے جن کی زندگی پہلے ہی مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے اجیرن بنی ہوئی ہے۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ بجٹ میں کوئی نئی ٹیکس ایمنسٹی، چھوٹ یا رعایت نہیں دی جائے گی۔ عوام دشمنی میں بس ایف بی آر کے اسی بیان کی کسر رہ گئی تھی۔ کل آئی ایم ایف کی طرف سے کہا گیا تھا کہ اگلے سال مہنگائی آدھی ہو جائے گی۔ حکومت اور آئی ایم ایف مل کر جو کرنے جا رہے ہیں اس سے مہنگائی دگنا ہوتی ہوئی نظر آرہی ہے۔ قوت خرید کم ترین سطح پر آنے کے باعث عوام کے صبر کا پیمانہ پہلے ہی لبریز ہو چکا ہے۔ حکومت عوام کے صبر کو انتہا تک پہنچانے سے گریز کرے۔ بپھرے عوام کو کسی بھی طاقت کے ذریعے کنٹرول نہیں کیا جاسکتا۔

ای پیپر دی نیشن

History

Close |

Clear History