جہلم(نامہ نگار)وزیراعظم پاکستان اور سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارہِ امتیاز)کی ہدایات کی روشنی میں ضلع جہلم میں افواج پاکستان کی عظیم الشان فتح اور دشمن ملک بھارت کی شکست پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے یومِ تشکر منایا اور اس سلسلے میں ضلع بھر کے کمیونٹی ریسکیو اسٹیشنوں سے فلیگ مارچ کا انعقاد کیا گیاجس کی قیادت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئرسعید احمد نے کی جبکہ ریسکیو 1122 کے آفیسرز اور اہلکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نیز فلیگ مارچ میں پولیس سکوا ڈ اور سول ڈیفنس نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر افواجِ پاکستان کو وطن عزیز کا بھرپور دفاع کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد کا کہنا تھا کہ ہماری افواج نے بے مثال جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور پوری دنیا میں اپنی پروفیشنل صلاحیتوں کا لوہا منوا کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔اس موقع پر پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے گئے اور ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔