لاہور (لیڈی رپورٹر) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر چوہدری نے غیر ملکی طلباء سے ملاقات کی جس میں اْن کے تعلیمی سفر اور موجودہ صورتحال پر بات چیت کی گئی۔وائس چانسلر نے کہا جی سی یو پاکستان کی سرکاری جامعات میں سب سے زیادہ غیر ملکی طلباء کی میزبانی کر رہی ہے جہاں اس وقت 51 طلباء مختلف ممالک سے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا جی سی یوایسے طلباء کا خیرمقدم کرے گا جو ثقافتی ہم آہنگی اور تعلیمی معیار کو فروغ دیں۔ طلباء نے یونیورسٹی کی مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے مزید وظائف اور پاکستان کے خوبصورت علاقوں کے دوروں کی خواہش کا اظہار کیا۔