اسلام آباد (خبرنگار)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے دبئی میں متحدہ عرب امارات کی وفاقی قومی کونسل کے پہلے نائب سپیکر ڈاکٹر طارق حمید الطائر سے متحدہ عرب امارات میں ملاقات کی۔ چیئرمین سینیٹ کا استقبال ڈاکٹر الطائر اور وفاقی کونسل کے معزز ارکان نے کیا۔ یہ پارلیمانی سفارتکاری اور علاقائی حکمت عملی کے حوالے سے ایک اہم ملاقات تھی ملاقات کے دوران ڈاکٹر الطائر نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو سراہا اور دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اور قیادت یو اے ای کی قیادت اور عوام کے دلوں میں ایک خاص مقام رکھتے ہیں۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کی بصیرت افروز قیادت، بالخصوص صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے کیے گئے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کو اجاگر کیا۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے قلیل وقت میں ملاقات کے انعقاد پر ڈاکٹر الطائر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان اور یو اے ای کے مابین گہرے تاریخی، مذہبی اور ثقافتی تعلقات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان عالمی سطح پر مشترکہ مقف اور عوامی روابط کو اہم قرار دیا انہوں نے پاکستان کے ساتھ متحدہ عرب امارات کی اقتصادی شراکت داری، خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری اور ترقیاتی امداد کے شعبوں میں کردار کو سراہا۔