بھارتی اقدامات خطے کے امن کو سنگین خطرے سے دوچار کر رہے،عمر ایوب

 اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے)قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی بلااشتعال فائرنگ، گولہ باری اور میزائل حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے نہ صرف پاکستان کی خودمختاری پر حملہ بلکہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدامات پورے خطے کے امن و استحکام کو سنگین خطرے سے دوچار کر رہے ہیں۔عمر ایوب خان نے معصوم شہریوں کے جانی نقصان اور زخمیوں ہونے پر گہرے رنج و غم اور شہداء￿  کے اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا رویہ غیر ذمہ دارانہ، اشتعال انگیز اور انسانیت دشمن ہے بھارت نہ صرف بین الاقوامی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے بلکہ ایک جوہری خطے میں غیر ذمے دار مہم جوئی سے پوری دنیا کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے شہری فضائی حدود کو نشانہ بنا کر ثابت کیا ہے کہ وہ ایک غیر محفوظ ریاست ہے جسے نہ انسانی جانوں کی پروا ہے اور نہ ہی عالمی اصولوں کی۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے جھوٹے بیانیے کے پیچھے چھپی جارحانہ حقیقت کو پہچانے اور اس کا نوٹس لے۔عمر ایوب خان نے کہا کہ اگر بھارتی مہم جوئی کا مؤثر جواب نہ دیا گیا تو خطہ ایک بڑی جنگ کی لپیٹ میں آ سکتا ہے یہ وقت ہے کہ عالمی طاقتیں امن، انصاف اور قانون کی حکمرانی کے حق میں کھڑی ہوں۔ پاکستان کو چاہیے کہ وہ بھارتی جارحیت کے خلاف اقوام متحدہ، عالمی عدالت انصاف اور دیگر عالمی فورمز پر مؤثر آواز بلند کرے۔

ای پیپر دی نیشن