بھارتی بوکھلاہٹ انڈین پریمیئر لیگ ملتوی فوج سے یکجہتی کیلئے پی ایس ایل موخر

لاہور(سپورٹس رپورٹر)بھارت کی جانب سے پاکستان پر حملوں کے بعد پاک فوج کی جوابی کارروائیوں کے باعث بھارت نے انڈین پریمیئر لیگ معطل کر دی۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی بورڈ اور آئی پی ایل مینجمنٹ کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں مختلف تجاویز پر غور کرنے کے بعد آئی پی ایل کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔بھارتی بورڈ جلد آئی پی ایل کی معطلی سے متعلق تفصیلات بتائیگا، آئی پی ایل کو غیر معینہ مدت تک کیلئے معطل کردیا گیا ہے۔بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی پی ایل دبئی میں کرانے کیلئے رابطہ کیا تھا مگر بھارت کو ایک اور سبکی کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارت کو دبئی کا وینیو نہ ملنے پر اسے غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کیا گیا ہے۔ اب بھارتی بورڈ ستمبر میں آئی پی ایل کی ونڈو دیکھ رہا ہے اور ستمبر میں آئی پی ایل کرانے کی صورت میں ایشیا کپ کا انعقاد مشکل ہو گا۔ پاکستان سپر لیگ 10 کے بقیہ 8 میچز ملتوی کر دیئے گئے ہیں، نئے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائیگا۔پی سی بی کے مطابق میچز ملتوی کرنے کافیصلہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کے مشورے پر کیا گیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کو موجودہ حالات کے تناظر میں ملتوی کیا گیا ہے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی رائے میں موجودہ حالات میں تمام توجہ پاک فوج کی کوششوں پر ہونی چاہیے۔پی سی بی نے ایونٹ کو گزشتہ شب یو اے ای شفٹ کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں کی صورتِ حال پر لیگ کو ملتوی کرنے کا فیصلہ ہوا۔

ای پیپر دی نیشن