اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا اور ہم نے ایل او سی پر دشمن کے 40 سے 50 فوجیوں کو ہلاک کیا جو بہت بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزدل بھارت نے تاریکی میں پاکستان پر حملہ کیا۔ اس نے دنیا کی جدید ترین ٹیکنالوجی رافیل کی شکل میں استعمال کی۔ بھارت کو بہت غرور و ناز تھا وہ خاک میں مل چکا ہے۔ یہ بھارتی جہاز نہیں گرے بلکہ بھارتی قوم کا غرور خاک میں ملا ہے۔ اپنے شاہینوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے بھارت کا غرور خاک میں ملایا۔ رافیل کمپنی کے شیئرز 18 فیصد گرے ہیں۔ وہ جس طریقے سے پاکستان کا نقصان کرنا چاہتے تھے اس میں ناکام ہوئے۔ اب بھارت نے اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لیے حکمت عملی تبدیل کی ہے۔ پاکستانی عوام ہمیشہ ایسی صورتحال میں اکٹھی ہوکر مقابلہ کرتی ہے۔ ہم ان کو چائے پلانے کو تیار تھے لیکن اس بار دشمن بھاگ گیا۔ ہم نے اس بار چائے کی اسے ہوم ڈلیوری کی ہے۔ پاکستانی ادارے اور افواج ہر سازش کا سینہ تان کر مقابلہ کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا اب بھارت نے ڈرون بھیجنے شروع کر دیے ہیں، ہم نے 25 ڈرونز مار گرائے، کچھ کو جیم کر کے اور کچھ کو ائیر ڈیفنس سسٹم سے گرایا گیا۔ بھارت رافیل اور دیگر جہازوں کا ملبہ چھپانا چاہتا تھا۔ گرائے گئے تباہ شدہ ڈرونز کا ملبہ ہم اپنے عجائب گھر میں رکھیں گے۔ انہوں نے کہا قومی سلامتی کمیٹی نے افواج کو مؤثر اور بھرپور جواب دینے کا مکمل اختیار دے دیا ہے۔ اب یہ معاملہ آگے کہاں جاتا ہے اس کا فیصلہ ہم کریں گے۔ ہمارا جواب آئے گا اور ضرور آئے گا، جلد آئے گا۔ بھرپور جواب دیا جائے گا، ایسا جواب ہوگا کہ دنیا یاد رکھے گی۔ سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ بھارت کو جن رافیل طیاروں پر غرور تھا انہیں زمین بوس کر دیا، ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ مودی کی سیاست نفرت پر مبنی ہے، وہ ہمیشہ من گھڑت کہانیاں سنا کر پاکستان پر الزام لگاتا ہے۔ ہماری مسلح افواج نے بھرپور انداز میں جواب دیا۔ بھارت ہمیشہ ہمارے سویلینز پہ حملے کرتا ہے۔ پاکستان نے صرف ملٹری اہداف کو نشانہ بنایا۔ پوری قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے۔ شازیہ مری نے کہا ہے کہ مودی کا صرف ایک ہی ایجنڈا ہے کہ وہ جنگ کو ہوا دینا چاہتا ہے۔ ہماری خاموشی کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔ بھارت نے پاکستان کے بارے میں غلط اندازہ لگایا ہے۔ شازیہ مری نے کہا کہ وزیراعظم نے پیش کش کی اقوام متحدہ سے اس واقعے کی تحقیقات کروالیں لیکن بھارتی حکومت اس سے بھی بھاگ رہی ہے، کیونکہ مودی حکومت کو پتہ ہے اس واقعے میں کون ملوث ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے بھارت کی جانب سے ایف16 اور جے ایف17 لڑاکا طیاروں کو مار گرانے کے دعوئوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں ’’جھوٹا، بے بنیاد اور من گھڑت‘‘ قرار دیا ہے۔ سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘پر اپنی ایک پوسٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا بھارت کی جانب سے ایف 16 اور جے ایف 17 لڑاکا طیاروں کو مار گرانے کے بارے میں بے بنیاد اور جھوٹے دعوے کئے جا رہے ہیں، جھوٹی اور من گھڑت کہانیاں آپ کو کہیں نہیں ملیں گی، ایسے جھوٹے دعوے صرف بھارت کی مایوسی کی عکاسی کرتے ہیں، بھارت کے ان دعوئوں کو رد کرتے ہیں۔