مشعال ملک‘ سکھ برادری کا دورہ واہگہ بارڈر‘ فضاء پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے اپنی بیٹی کے ہمراہ واہگہ بارڈر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پنجاب رینجرز کی روایتی پریڈ دیکھی اور پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر جذبہ حب الوطنی سے لبریز عوام کا جوش دیدنی تھا اور فضاء ایک بار پھر نعرہ تکبیر اللہ اکبر، پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی۔ سکھ برادری بھی پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے واہگہ بارڈر پہنچ گئی اور بھارتی حکومت کو منہ توڑجواب دیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ موجودہ صورتِ حال میں پوری پاکستانی قوم، کشمیری عوام اور سکھ برادری بھارت کی جارحیت کے خلاف متحد ہیں۔ کشمیری عوام ہر مشکل میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے جسکرن سنگھ نے کہا دنیا اور پاکستان کی سکھ کمیونٹی پاکستان کے ساتھ ہے۔ "ایسا نہ ہو کہ ہندوستان کی سکھ برادری بھی پاکستان کے ساتھ کھڑی ہو جائے۔" ایک اور سکھ رہنما سردار ونود سنگھ ڈگرا نے کہا پاکستان کے دفاع کے لیے سب سے پہلے وہ حاضر ہوں گے۔ سکھ کمیونٹی سے پاکستان زندہ باد کے  نعرے لگائے اور پنجاب رینجرز کے جوانوں کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔

ای پیپر دی نیشن