اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی) نئے مالی سال 2025-26ء کے بجٹ کی تیاریاں جاری ہیں۔ وفاقی حکومت نے رواں مالی سال کے غیر استعمال شدہ فنڈز30 اپریل تک واپس جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ وزارت خزانہ کے مطابق فیصلہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ہدایات کے مطابق کیا گیا۔ تمام وزارتیں رواں مالی سال کی بچتوں کی بروقت واپسی کو یقینی بنائیں۔ مقصد مالی سال 2024-25ء کے نظرثانی شدہ تخمینوں کو حتمی شکل دینا ہے۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ تخمینے مستحکم کرنے کیلئے بھی یہ ضروری ہے۔ رواں مالی سال کا نظرثانی شدہ ترقیاتی بجٹ 1100 ارب روپے ہے۔ اس میں اب تک 450 ارب روپے ہی خرچ ہو سکے ہیں۔ مالی سال 26-2025ء کے بجٹ کی تیاری کے سلسلے میں محکمہ خزانہ نے افسران اور ملازمین ڈیوٹی شیڈول جاری کر دیا۔ اعلامیہ کے مطابق بجٹ تیاری وقت ضرورت پڑنے پر ہفتہ اور اتوار کو بھی دفاتر کھلے رہیں گے۔ افسران اور ملازمین پیر سے جمعہ تک تین مختلف شفٹوں میں ڈیوٹی انجام دیں گے۔ پیر سے جمعہ تک محکمہ خزانہ کے ملازمین کیلیے نارمل شفٹ صبح9 بجے سے شام پانچ بجے تک ہو گا۔ فرسٹ شفٹ ملازمین کی اضافی ڈیوٹی شام پانچ بجے سے7 بجے تک ڈیوٹی ہو گی۔ سیکنڈ شفٹ ملازمین کی اضافی ڈیوٹی رات7 بجے سے رات9 بجے تک ہو گی۔ ضرورت پڑنے پر ہفتہ اور اتوار کو صبح 9بجے سے شام 5 بجے تک دفاتر کھلے رہیں گے۔