لاہور(نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی صدارت میں سی سی ڈی امور بارے سنٹرل پولیس آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ آئی جی پنجاب نے پالیسی گائیڈ لائنز کے مطابق سی سی ڈی افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ سی سی ڈی راولپنڈی اور سرگودھا کے آر اوز نے حاصل کردہ اہداف بارے بریفنگ دی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنگین جرائم کی سرکوبی کے ٹارگٹس حاصل کرنے پر آر او سرگودھا کی کارکردگی کو سراہا۔انھوں نے کہا کہ سنگین جرائم کے خاتمے کیلئے اضلاع کی پولیس اور سی سی ڈی میں بہترین کوآرڈینیشن اور ورکنگ ریلیشن شپ موجود ہے۔ضلعی پولیس کی طرف سے سی سی ڈی کو مکمل ہیومن ریسورس، ٹرانسپورٹ، دفاتر اور لاجسٹکس فراہم کیے گئے ہیں۔آئی جی پنجاب نے سی سی ڈی کو ہائی پروفائل اشتہاری مجرمان اور گینگز ممبرز کی گرفتاری میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کی۔ سی سی ڈی افسران گرفتار ملزمان کے ریکارڈ، چالاننگ اور ڈیٹا کی تمام تفصیلات اپ ڈیٹ رکھیں جبکہ گم شدہ بچوں اور خواتین کی بازیابی کیلئے کوششیں مزید تیز کریں۔