شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیرنیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت جنگ نہیں ہوگی اور نہ بھارت ہمارا پانی روک سکتا ہے۔ اگر بھارت نے پانی روکنے کیلئے کوئی ڈیم بنانے کی کوشش کی تو سخت ایکشن لینا پڑے گا۔ بہترین سفارتکاری کی وجہ سے سعودی عرب، یو اے ای، قطر سمیت یورپی ممالک بھی پاکستانی بیانیے کی حمایت کررہے ہیں۔ پہلگام کے واقعہ میں پاکستان کے ملوث ہونے کے ثبوت مودی حکومت عالمی برادری کو پیش نہیں کرسکی۔ پہلگام واقعہ پر انڈیا کے اندر سے آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ مودی نے یہ ڈرامہ بھارتی علاقہ بہار میں ہونے والے الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے رچایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ضرورت پڑی تو پہلگام واقعہ اور بھارت کی چیرہ دستیوں پر اے پی سی بھی بلا لیں گے۔