سعودی عرب   بااعتماد دوست، سٹریٹجک اتحادی : مودی ‘ پہلگام واقعہ  پردورہ مختصر

ریاض؍ نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی تیسرے دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے۔ ائر پورٹ پر نائب گورنر مکہ نے مودی کا استقبال کیا۔ بھارت کا کہنا ہے کہ مودی کا دورہ سعودی عرب قریبی تعلقات کا عکاس ہے۔ ترجمان نے کہا کہ مودی کے دورے سے دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط ہوں گے۔ نریندر مودی نے سعودی عرب کے ساتھ باہمی تعلقات کے فروغ کو سراہا ہے۔ عرب نیوز کو انٹرویو میں سعودی مملکت کو ایک بااعتماد دوست اور سٹریٹجک اتحادی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا تعلق لامحدود طور پر بڑھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ غیر یقینی کی صورت حال سے بھری اس دنیا میں ہمارا تعلق کسی ستون کی مانند مضبوط ہے۔ نریندر مودی نے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت کو سراہتے ہوئے انہیں باہمی تعلقات کا مضبوط حامی قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے شہزادہ محمد بن سلمان نے وژن 2030 ء کے تحت اصلاحات کر کے بطور وژنری شخصیت دنیا بھر کی پذیرائی سمیٹی ہے۔ ان کی بصیرت آنے والے وقت کے لئے سوچ اور اپنے لوگوں کے لئے جذبہ واقعی تعریف کے قابل ہے۔ انہوں نے مشترکہ معاشی امنگوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ عالمی طور پر سامنے آنے والے چیلنجز کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان زراعت، توانائی اور کھادوں جیسے اہم شعبوں میں تجارت بڑھی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق پہلگام واقعہ کے تناظر میں مودی نے سعودی عرب کا دورہ مختصر کر دیا۔

ای پیپر دی نیشن