پاکستان پر بھارتی حملہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کیلئے سنگین خطرہ ہے:افتخار علی 

لاہور(کامرس رپورٹر)سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے پاکستان پر بھارتی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کیلئے سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا اس طرح کے جارحانہ اقدامات سے کشیدگی میں اضافہ اور خطے میں لاکھوں زندگیوں کو خطرہ لاحق ہوگا۔ انہوں نے دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور تنازعات کو حل کرنے کیلئے بات چیت کو ترجیح دیں کیونکہ جنگ کسی صورت بھی تنازعات کا حل نہیں ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مداخلت کریں اور سفارتی چینل کو شروع کروائیں۔ خطے کی ترقی و خوشحالی کیلئے امن انتہائی ضروری ہے اور مسلسل دشمنی علاقائی انضمام اور پائیدار ترقی کی کوششوں کو پٹڑی سے اتار دے گی۔ بات چیت، باہمی احترام اور اقتصادی تعاون ہی آگے بڑھنے کے قابل عمل راستے ہیں۔ انہوں نے دونوں طرف کی قیادت پر زور دیتے ہوئے کہا وہ امن اور مذاکرات کا راستہ اپنائیں کیونکہ امن و استحکام پورے جنوبی ایشیا کے بہترین مفاد میں ہے۔

ای پیپر دی نیشن