ماری پٹرولیم میں لائٹ اینڈ سائونڈ شو ،پا کستانی ہیروز کو خراج عقیدت 

اسلام آباد( نوائے وقت رپو رٹ ) ماری پٹرولیم میں لائٹ اینڈ سائونڈشو کا اہتمام کیا گیا ، جس میں ایک آزاد ریاست کے قیام کے لیے ہمارے آبا واجداد کی جدوجہد اور کردار، پاکستان کی تابناک تاریخ، طے کردہ ترقی کی منازل ، بھرپور ثقافت اور پاکستان کے ہیروز کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔اس موقع پرپرائیڈ آف پرفارمنس کا اعزاز حاصل کرنے والے گائیک ساحر علی بگا نے اپنے گیتوں کے ذریعے ہمارے آبا اجداد کو خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر ایم ڈی/سی ای او ماری پٹرولیم فہیم حیدر نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد جدید انداز میں قومی جذبوں اجاگر کرنا ہے، شو میں تھری ڈی لائٹ اینڈ سائونڈکا مظاہرہ سب کو محظوظ کرتے ہوئے آزادی پاکستان کی کہانی اور ہمارے ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ہے۔ مہمان خصوصی منیجنگ ڈائریکٹر فوجی فانڈیشن وقار احمد ملک نے تیل و گیس کے شعبے میں ماری پٹرولیم کی کامیابیوں اور کمپنی کے سی ایس آر اقدامات کی تعریف کی ۔ انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ گزشتہ 5 سالوں میں ایم پی سی ایل نے قومی خزانے کو ٹیکس ، لیویز اور رائلٹی کی مد میں 350 ارب روپے ادا کئے جبکہ حکومت پاکستان کو سالانہ 270 ارب روپے زرمبادلہ کی بچت کی صورت میں فائدہ بھی پہنچایا ۔