ملکی حالات کے پیش نظر علماء و مشائخ کا مثبت کردار ناگزیر ہے: عبدالخالق قادری

لاہور(خصوصی نامہ نگار) مرکزی جماعت اہلسنت کے امیر اور حافظ الملت فائونڈیشن کے سربراہ پیر عبدالخالق قادری آف بھرچونڈی شریف نے کہا ہے کہ داعش کی وحشیانہ سرگرمیوں سے کئی مسلم ممالک خاص طورپر عراق‘ شام اور لبنان کی سالمیت کو شدید خطرات لاحق ہیں اور مستقبل میں استعماری طاقتوں کے ناپاک عزائم کی کامیابی کا ذریعہ بنیں گے۔ وہ بانی خانقاہ چونڈی شریف حافظ الملت حافظ محمد صدیق کی یاد میں منعقدہ ’’تصوف سیمینار‘‘ سے خطاب کر رہے تھے۔ مرکزی جماعت اہلسنت کے ناظم اعلیٰ پیر سید محمد عرفان مشہدی موسوی نے کہا کہ موجودہ حالات میں خانقاہوں سے نکل کر مجاہدانہ‘ قلندرانہ اور قائدانہ کردار اداکرنا ہوگا۔ الشاہ محمد اویس نورانی نے کہا کہ دہشت گردوں کی سرگرمیوں نے امریکہ اور اس کے اتحادی طاقتوں کا کچھ بگاڑنے کی بجائے مزارات اولیاء کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے حضرت داتا گنج بخش‘ بابا فرید الدین گنج شکر‘ حضرت عبداللہ شاہ بخاری اور سخی سرور کے مزارات پر دھماکے کرکے سینکڑوں زائرین کو شہید کیا ہے۔ دہشت گردوں کے ماں باپ ہونے کے دعویدار ہیں۔ ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔