وزیراعلیٰ پنجاب مزدوروں سے محبت کرتے ہیں‘ کسی کو بیروزگار نہیں ہونے دیں گے: خواجہ احمد حسان

لاہور (خصوصی نامہ نگار)وزیراعلیٰ پنجاب مزدوروں سے محبت کرتے ہیں وہ کسی کے بے روز گار نہیں ہونے دیںگے۔کوئی بھی پرانا پارک ٹھیکے پر نہیں دیا جائے گا۔جبکہ نئی سکیمیں ٹھیکے پر دیئے جانے پر پی ایچ ورکرز فیڈریشن سی بی اے کو کوئی اعتراض نہیں۔ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما خواجہ احمد حسان نے پی ایچ ورکرز یونین کے کارکنوں سے ریس پارک میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے کے مزدوروں نے جس محنت اور لگن سے لاہور کو خوبصورت بنایا ہے۔ خادم اعلیٰ پنجاب انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔انہوں نے مجھے پی ایچ اے کے مزدوروںکے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایات کی ہے۔ اس موقع پر پی ایچ اے ورکرز یونین کے سیکرٹری جنرل حافظ ابرار احمد نے مطالبات منظور کرنے پروزیر اعلیٰ پنجاب اور خواجہ احمد حسان کا شکریہ ادا کیا ۔ مطالبات کی منظوری پر کارکنوں نے مٹھائی تقسیم کی ۔