واسا کی ناقص حکمت عملی ، کئی علاقے پانی سے محروم،بلوں مےں کئی گنااضافہ
راولپنڈی (اکمل شہزادسے)راولپنڈی میں واسا کی ناقص حکمت عملی کے باعث کئی علاقے پانی سے محروم ہو گئے، واسا کی جانب سے بلوں میں کئی گنا اضافہ اور واسا پانی کے ٹینکروں کی قیمتوں اضافے نے عوام کو مزید پریشان کر دیا،گلزار قائد، منگرال ٹاﺅن، فیصل کالونی ،شاہ خالد کالونی اور اس سے ملحقہ علاقوں میں کئی سالوں سے پانی کی سپلائی معطل ہے،اسی وجہ سے یہاں بہت سے شہری واسا کا پانی کا بل ادا نہیں کررہے جس کی بڑی وجہ گزشتہ کئی سالوں سے پانی کی سپلائی نہ ملنا ہے، دوسری جانب گلزار قائد میں واقعہ واسا کا ٹیوب ویل خشک ہو گیا جس کی وجہ سے قریبی علاقوں کو ٹینکر کے ذریعے پانی کی سپلائی دی جاتی تھی،واسا دفتر میں کئی دفعہ شکایت کے باوجود کوئی حل نہیں نکالا گیا، اب تو فیصل کالونی اورمنگرال ٹاﺅن میں پانی کی نئی پائپ کے باوجود وال مین نے سر عام کہنا شروع کردیا ہے کو فیصل کالونی کی گلی نمبر14سے لیکر 18تک پانی کی سپلائی بحال نہیں ہو گی ان پائپ لائنوں سے کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوگا، شہریوں نے نوائے وقت گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ فیصل کالونی میں گرمیوں کے علاوہ سردیوں میں بھی پانی کی سپلائی نہیں ملتی ، ٹیوب ویل خراب یا پانی کے پریشر نہ ہونے کا بہانہ بنا کر سپلائی نہیں دی جاتی، شہریوں کے مطابق یہ لوگ پرائیویٹ ٹینکر مافیا سے ملے ہوئے ہیں جو2500روپے میں پانی کا ٹینکر فروخت کرتے ہیں،اسی وجہ سے واسا کے پانی کی سپلائی کیلئے کوئی مستقل حل تلاش نہیںکیا جاتا، دوسری جانب اہل علاقہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ سیاسی بنیادوں پر واسا کی جانب سے مین لائن سے مند پسند افراد کو پانی کے کنکشن دیئے گئے ہیں ۔جس وجہ سے دور اور اونچائی پر موجود گلیوں میں پانی کی سپلائی نہیں جاتی، تین چار سال قبل ان تمام گلیوں میں کبھی کبھی پانی کی سپلائی مل جاتی تھی اب تو پانی کی بوند بھی نہیں دی جاتی ، واسا کی جانب سے نہ کبھی یہاں کسی افسر نے چکر لگایا ہے نہ ہی پانی کے دیرینہ مسئلہ حل کرنے کیلئے کوئی منصوبہ بندی کی گئی ، شہریوں نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ پانی کا مسئلہ حل نہ ہوا تو واسا دفتر کا گھیراﺅ کریں گے۔