سانحہ مہران ٹان کے متاثرین میں امدادی چیک تقسیم
کراچی (نیوز رپورٹر)ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے بدھ کے روز سانحہ مہران ٹان کے متاثرین میں امدادی چیک تقسیم کئے، مہران ٹان کی فیکٹری میں آگ لگنے سے جاں بحق افراد کے ورثا کو دو لاکھ روپے فی کس چیک دئیے گئے ڈپٹی کمشنر کورنگی علی زیدی اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ،ایڈمنسٹریٹر کراچی نے اس موقع پر کہا کہ انسانی جان کا کوئی نعم البدل نہیں، مالی امداد کا مقصد متاثرین کے زخموں پر مرہم رکھنا ہے، جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے دکھ کا پورا احساس ہے اور ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں، مہران ٹان فیکٹری آتشزدگی افسوس ناک واقعہ تھا، فیکٹری میں اخراج کا دروازہ ہوتا تو شاید اتنی اموات نہ ہوئی ہوتیں،اللہ ہمیں توفیق دے کہ فیکٹریوں کے حوالے سے درست منصوبہ بندی کریں تاکہ فیکٹریوں میں کام کرنے والے افراد کو تحفظ ملے اور مستقبل میں ایسے واقعات سے محفوظ رہا جاسکے، مہران ٹان کی فیکٹری میں آگ لگنے سے 16 افراد جاں بحق ہوگئے تھے اور وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے سندھ حکومت کی جانب سے متاثرین کو معاوضہ ادا کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے مطابق سانحہ میں جاں بحق افراد کو فی کس دس لاکھ روپے دئیے جائیں گے، سندھ حکومت اس حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے گی۔