پاکستان میں قانون کے سامنے سب برابر نہیں : 38 فیصد پاکستانیوں کی رائے
اسلام آباد (صباح نیوز) گیلپ پاکستان کے تازہ سروے کے مطابق 38 فیصد پاکستانی سمجھتے ہیں کہ پاکستان میں قانون کے سامنے سب برابر نہیں ہیں اور انہیں ان کا یہ حق نہیں ملتا ہے۔ گیلپ پاکستان کے سروے کے مطابق لوگوں سے سوال کیا گیا کہ آپ کے خیال میں قانون کے سامنے برابری کے حق کا پاکستان میں احترام کیا جاتا ہے۔ اس کے جواب میں 38 فیصد کی رائے تھی کہ ملک میں قانون کے سامنے برابری کا حق نہیں مل رہا ہے جبکہ 43 فیصد کا کہنا ہے کہ اس حق کا کسی حد تک احترام کیا جاتا ہے اور 19 فیصد لوگوں کے مطابق پاکستان میں عوام کو ان کایہ حق مکمل طور پر مل رہا ہے۔ گیلپ پاکستان نے 8سال قبل 2009ءمیں جب سروے کیا اور لوگوں سے یہی سوال کیا گیا تھا تو بھی 38 فیصد لوگوں کا یہی کہنا تھا کہ قانون کے سامنے برابری کا حق ان کو نہیں مل رہا ہے۔ 37 فیصد لوگوں کا خیال تھا کہ ان کو یہ حق کسی حد تک مل رہا ہے جبکہ 24 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مکمل طور پر اس حق کا احترام کیا جاتا ہے۔