لاہور(کامرس رپورٹر) پنجاب انڈسٹریل سٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے زیر انتظام گزشتہ روز آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی اور پاکستان کی مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے یوم تشکر اور ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ چیئرمین پیڈمک جاوید اقبال نے کہا آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی نے ثابت کیا ہے کہ ہماری مسلح افواج ملکی سا لمیت و خود مختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گی۔ سندر انڈسٹریل سٹیٹ بورڈ آفس سے الحرمین چوک تک ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت چیئرمین پیڈمک جاوید اقبال، صدر سندر انڈسٹریل سٹیٹ محمد احمد خان اور صدسندر ٹریڈ یونین سید معاذ محمود نے کی جبکہ صنعتکاروں اور صنعتی مزدوروں کی کثیر تعداد نے ریلی میں شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم اور افواج پاکستان کے حق میں تحریر شدہ پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ ریلی کے دوران قومی ترانہ اور پاک فوج کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔، ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جاوید اقبال نے کہا بھارت کے مذموم مقاصد کو خاک میں ملانے اور ملکی دفاع کو نا قابل تسخیر بنانے والی ہماری مسلح افواج نے یہ ثابت کیا ہے کہ پاکستان نہ صرف اپنے دفاع میں خود کفیل ہے بلکہ دشمن کو ہر محاذ پر جواب دینے کی بھرپور صلاحیت بھی رکھتا ہے۔