ریسکیو1122 کے دفتر کا افتتاح
پانچ دریا¶ں کے سنگم پر واقع تحصیل علی پور ضلع مظفرگڑھ کی اہم اور لاکھوں نفوس پر مشتمل تحصیل ہے کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے یہاں پر ریسکیو کی کوئی بھی سہولت نہ تھی۔ حادثات یا ناگہانی آفت آگ لگنے یا بھی سیلاب آنے پر ریسکیو کے لئے مظفر گڑھ یا ڈیرہ غازیخان سے عملہ آتا تھا جب تک صورتحال انتہائی گھمبیر ہو جاتی تھی۔
ممبر پنجاب اسمبلی سید سبطین رضا بخاری و سردار عامر خان گوپانگ کی خصوصی کاوش اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر ارشاد الحق اور اسسٹنٹ کمشنر علی پور عمران شمس کی کوششوں سے 19 کروڑ روپے کی خطیر رقم سے علی پور میں ریسکیو 1122 آفس کا افتتاح گزشتہ دنوں کر دیا گیا ہے جس میں ابتدائی طور پر 2 ایمبولینس 1 فائربریگیڈ کی گاڑی 3 بوٹس اور 30 اہلکاروں پر مشتمل ٹیم ہے۔ تحصیل علی پور میں ایمرجنسی کی صورت میں جہاں مریضوں اورایکسیڈنٹ کے واقعات میں زخمی ہونے والوں کو کوئی پوچھتا نہیں تھا۔ مریض تڑپ تڑپ کر جان دے دیتے تھے وہاں اب ریسکیو1122 صرف ایک کال کی دوری پر ہے۔ ریسکیو1122 کی افتتاحی تقریب میں مقامی ایم پی ایز‘ سردار عامر طلال خان گوپانگ‘ سید سبطین رضا بخاری اور اسسٹنٹ کمشنر عمران شمس مہمان خصوصی تھے جنہوں نے دفتر کا افتتاح کیا۔ تقریب میں معززین شہر‘ کونسلرز اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار عامر طلال خان گوپانگ نے کہا ہم نے علی پور کے عوام سے اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے ریسکیو 1122 سروس کا آغاز کردیا ہے۔ اس کا دائرہ کار اورمزید سہولیات کیلئے بھی کوششیں جاری رکھوں گا۔ ایم پی اے سید سبطین رضا بخاری نے کہا ریسکیو1122 علی پور کے عوام کا ایک خواب تھا جو کہ آج ہم نے پورا کردیا ہے۔ اس منصوبے کے مکمل ہونے میں حمزہ شہباز شریف کا خصوصی تعاون شامل رہا ہے اور آج علی پور کے عوام کو ریسکیو1122 کی شکل میں ہم نے نایاب تحفہ دیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر ارشاد الحق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا علی پور میں1122 کی ضرورت بہت عرصے سے محسوس کی جا رہی تھی کیونکہ بڑھتی ہوئی ایمرجنسی میں ہمیں مظفرگڑھ سے سروس بھیجنا پڑتی تھی جس کی وجہ سے کافی دیر ہو جاتی تھی اور اب خدانخواستہ علی پور شہر میں ایمرجنسی کی صورت میں ہماری پانچ سے سات منٹ میں پہنچ ہو گی جبکہ ریسکیو سیفٹی آفیسر علی پور آصف جلال نے علی پور کے عوام کو نوائے وقت کے توسط سے یہ پیغام دیا کہ عوام کو چاہئیے کہ وہ ریسکیو1122 کی ہیلپ لائن کو ایمرجنسی کے وقت ڈائل کریں ۔ انہوں نے عوم سے اپیل کی ہے کہ ایسی باتیں کسی کی جان بھی لے سکتی ہیں۔ بلاشبہ ریسکیو1122 تحصیل علی پور کی عوام کیلئے کسی نعمت سے کم نہیں ہے ۔